مودی جھوٹے ہیں، گوہاٹی ہائی کورٹ کے حکم پر بنائے تھے میری حکومت نے حراستی کیمپ: ترون گگوئی
نئی دہلی: ملک میں کوئی حراستی کیمپ نہیں ہونے کا بیان دینے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے سینئر کانگریس رہنما ترون گگوئی نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ بی جے پی حکومت نے آسام کے گوالپاڑا ضلع میں ایک حراستی کیمپ بنانے کے لیے 46 کروڑ روپے منظور کیے تھے۔ گگوئی نے کہا کہ گوہاٹی ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق آسام کی ان کی قیادت والی کانگریس حکومت نے ریاست میں حراستی کیمپ کی تشکیل کی تھی۔
گگوئی نے پریس کانفرنس میں کہا ’’مودی جھوٹے ہیں۔ آسام کے گولپاڑا ضلع کے مٹیا میں تین ہزار غیر قانونی مہاجروں کے رہنے کے مدنظر ایک بڑے حراستی کیمپ کی تشکیل کے لیے نریندر مودی کی حکومت نے 46 کروڑ روپے منظور کیے تھے۔ اور اب وہ اچانک کہتے ہیں کہ ملک میں کوئی حراستی کیمپ نہیں ہے۔‘‘ انھوں نے زور دےکر پوچھا ’’بی جے پی حکومت نے 2018 میں کس لیے 46 کروڑ روپے منظور کیے۔ یہ دکھاتا ہے کہ مودی جھوٹے ہیں۔‘‘
انھوں نے کہا کہ گوہاٹی ہائی کورٹ کے 2008 کی ہدایتوں کے مطابق ریاست میں ان کی رہنمائی والی کانگریس حکومت نے حراستی کیمپ کی تشکیل کی ہے۔ آسام میں گگوئی نے لگاتار تین بار یعنی 15 سال تک ریاست کی کانگریس حکومت کی قیادت کی۔انھوں نے کہا ’’وہ (بی جے پی) کہتے ہیں کہ ان (ڈٹینشن) سینٹر کی تشکیل کانگریس نے کرائی ہے۔ ہم نے ان کی تشکیل گوہاٹی ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق کرائی ہے اور وہ ان لوگوں کے لیے ہے جن کو فارین ٹریبونل نے غیر قرار دیا ہے۔‘‘
وہی گگوئی نے جھارکھنڈ میں بی جے پی کی ہار کی طرف نشانہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اپنے جھوٹ کی وجہ سے بھروسہ کھو رہے ہیں۔
(ایجنسیاں)