موؤمنٹ فار پیس اینڈ جسٹس ،تلنگانہ۔ایک تعارف

ایم پی جے: انصاف، انسانیت اور خدمت کا ہمہ جہت کارواں

حیدرآباد (دعوت نیوز ڈیسک)

مظلوموں کی آواز اور محروموں کی امید
ایم پی جے (تلنگانہ) ایک سماجی تنظیم اور پریشر گروپ ہے۔ ایم پی جے کا قیام 2005ء میں عمل میں آیا جس کا ہیڈ کوارٹرس شہر حیدر آباد میں قائم ہے۔ یہ تنظیم کسی بھی سیاسی پارٹی کی تائید یا مخالفت نہیں کرتی لیکن ملک اور ریاست کے سیاسی حالات سے پوری طرح باخبر رہتی ہے اور انہیں کی روشنی میں اگلا قدم اٹھاتی ہے۔ ریاست کے کل 33 اضلاع میں ایم پی جے کے 73 یونٹس قائم ہیں جن میں رجسٹرڈ کارکنان کی تعداد تقریباً 8 ہزار ہے۔ شعبہ ٔ خواتین بھی کامیابی کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔ ایم پی جے کے کئی یونٹوں کے ذمہ دار غیر مسلمین ہیں۔ ایم پی جے بلا لحاظ مذہب و ملت، فرقہ و ذات، محض انسانیت کی بنیاد پر ضرورت مندوں اور حکومت کے درمیان ایک پل کا کام انجام دیتی آرہی ہے۔ سرکاری اسکیموں سے استفادہ کرنے کے لیے ایم پی جے عوام کے درمیان نہ صرف ان اسکیموں کا تعارف کرواتی ہے بلکہ ضرورت مند عوام کے فارم آن لائن داخل کرنے میں بلا معاوضہ ان کی مکمل مدد بھی کرتی ہے۔ سنٹرل کو آرڈینیشن کونسل، ایم پی جے کی کارکردگی کی نگرانی کرتی ہے اور مناسب مشورے بھی دیتی ہے۔ ایم پی جے ہیڈ کوارٹرس پر 7 رکنی آفس بیررس، بلا معاوضہ تمام انتظامی امور انجام دیتے ہیں۔ ضلعی یونٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے صدر ایم پی جے کے ہمراہ دیگر ذمہ داران، وقتاً فوقتاً ان اضلاع کے مذکورہ یونٹوں کے دورے کرتے رہتے ہیں۔ ہر سال اردو، تلگو اور انگریزی زبان میں ایم پی جے کے خوبصورت کیلنڈرس شائع کیے جاتے ہیں جو ریاست کے ایم پی جے کے معاونین اور دیگر اصحاب میں مفت تقسیم کیے جاتے ہیں۔
ایم پی جے کسی کو ماہانہ وظیفہ یا کوئی مستقل مالی مدد تو نہیں کرتی البتہ مستحق خاندانوں میں ضرورت کے وقت ان کی مدد ضرور کی جاتی ہے۔ ہونہار غریب طلبہ کے لیے اسٹیشنری اور یونیفارم کا انتظام کیا جاتا ہے۔ مہلک امراض میں مبتلاء غریب خاندان کے افراد کو ان کے علاج و معالجے کے لیے مالی مدد کی جاتی ہے۔ اس سے ہٹ کر عمر قید کی سزا پانے والے قیدیوں کے غریب اور بے سہارا بیوی بچوں کی مدد کے لیے قیدی کی بیوی کو ایک ہیوی ڈیوٹی پروفیشنل سیونگ مشین دی جاتی ہے تاکہ وہ اس کے ذریعے اپنی اور اپنے بچوں کی کفالت کرسکے۔ ان کے علاوہ ان قیدیوں کی ضمانت پر رہائی کے لیے ایم پی جے قانونی کارروائی اور نقد رقم کا انتظام کرتی ہے جنہوں نے پہلی دفعہ کس جرم کا ارتکاب کیا ہو (سوائے قتل، زنا کاری اور سائبر کرائم کے) عدالت کی جانب سے ان کی ضمانت منظور ہوچکی ہو لیکن ان کے غریب افراد خاندان ضمانت کی رقم ادا کرنے سے قاصر ہوں۔
ہر سال 2 اکتوبر گاندھی جینتی کے موقع پر پورے ملک کی جیلوں میں ’پریزنرس ویلفیر ڈے‘ منایا جاتا ہے جس میں قیدیوں کی تفریح کے لیے کھیل کود کے مقابلے اور دیگر کلچرل پروگرامس منعقد کیے جاتے ہیں۔ ان تقریبات میں شرکت کرنے کے لیے تلنگانہ پریزنس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایم پی جے کے ذمہ داروں کو مدعو کیا جاتا ہے، اس موقع پر انہیں اعزازی مومینٹوز کے علاوہ قیدیوں کو مخاطب کرنے کا موقع بھی دیا جاتا ہے۔
2023 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے ایم پی جے نے ریاست کے تمام اضلاع میں عوام کو اپنا ووٹ استعمال کرنے کی ترغیب دینے کے لیے ووٹرس شعور بیداری مہم منظم کی تھی جو الحمدللہ بہت کامیاب ثابت ہوئی۔ انتخابات کے بعد سب نے نوٹ کیا کہ بیشتر اضلاع میں ووٹنگ کے فیصد میں قابل لحاظ اضافہ ہوا۔ اس کے بعد ایم پی جے نے فیصلہ کیا کہ ان شاء اللہ آئندہ ہر انتخابات سے پہلے ووٹرس شعور بیداری مہم ضرور منظم کی جائے گی۔ اس مہم کے دوران نہ کسی سیاسی پارٹی کی مخالفت میں نہ کسی کے حق میں یہ مہم چلائی گئی بلکہ عوام سے ضمیر کی آواز پر کسی پڑھے لکھے، ہمدرد اور سیکولر امیدوار کو ووٹ دینے کی اپیل کی گئی۔
یونیفارم سِول کوڈ کے نفاذ سے عوام کو پہنچنے والے نقصانات سے واقف کروانے کے لیے دیگر ہم خیال تنظیموں کے ساتھ مختلف مقامات پر مشترکہ طور پر مہمات، احتجاجی جلسے، دھر نے، راؤنڈ ٹیبل اور پریس کانفرنسیں منعقد کی گئیں۔
ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں قائم 985 پرائمری ہیلتھ سنٹروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عوام کو مفت طبی اور صحت عامہ کی سہولتوں سے بھر پور استفادہ کرنے کے لیے ایم پی جے کے کارکنوں نے اپنے علاقے کے قریبی پی ایچ سی جا کر میڈیکل اسٹاف اور مقامی افراد سے ملاقاتیں کرنے کا ٹائم ٹیبل ترتیب دیا ہے، چنانچہ اس کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور پی ایچ سی کی کارکردگی میں نمایاں بہتری بھی محسوس کی گئی۔
ریاست کے سرکاری اقامتی اسکولوں اور کالجوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایم پی جے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ مختلف اولڈ ایج ہوموں میں زندگی کے آخری ایام گزارنے والے تنہا بزرگوں سے محض ان کی دلجوئی کی خاطر تنظیم کے نمائندوں کا وقتاً فوقتاً ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اولڈ ایج ہوموں کے علاوہ کسی مجبوری کی وجہ سے اپنے ہی گھروں میں تنہا زندگی گزارنے والے بزرگوں سے بھی خیر سگالی اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران ان بزرگوں کی صحت کے علاوہ ان کے دیگر نجی مسائل سے واقفیت ہوتی ہے جسے ہمارے نمائندے حتی الامکان حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ای وی ایم ہٹاؤ بیلٹ پیپر لاؤ مہم کو عملاً ایم پی جے تلنگانہ ہی نے آج ریاست میں زندہ رکھا ہے۔ انہی ای وی ایم مشینوں کے ذریعے نالائق، نا اہل، ان پڑھ جاہل، فرقہ پرست اور غنڈہ عناصر منتخب کیے جا رہے ہیں، جس سے ملک ترقی کرنے کے بجائے مزید پیچھے جا رہا ہے اور عوام بھی نالاں و پریشان ہیں۔ ان شاء اللہ یہ مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ ملک میں مستقل طور ای وی ایم کا استعمال قانونی طور پر ترک نہ ہو جائے۔ ایم پی جے مسلم وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف دیگر ہم خیال جماعتوں کے تعاون سے مختلف مقامات پر مسلسل احتجاج منظم کر رہی ہے۔
ایم پی جے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ کسی کے بھی مذہبی عقائد بالخصوص اسلام اور مسلمانوں کے خلاف بے جا تنقید دل آزار تقریر اور زہر آلود تحریر پر روک لگائے۔
سرکاری دواخانوں میں غریب عوام کے تسلی بخش علاج و معالجے اور دواؤں کے حصول کو یقینی بنائے۔
ہر شہری کو پرائمری اسکول سے لے کر یونیورسٹی تک، مفت تعلیم کو یقینی بنائے۔
سرکاری دفاتر میں جاری رشوت خوری کو بند کرنے کے لیے حکومت، رشوت خور عہدہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔
چھوٹے بڑے مختلف قسم کے جرائم پر قابو پانے کے لیے محکمہ پولیس کی جدید خطوط پر درجہ بندی کرے۔
حکومت کی زیر سر پرستی، سلم بستیوں میں تعلیم بالغان کا مفت انتظام کرے۔
بھکاریوں، کام چوروں اور جرائم پیشہ عناصر کو شہر بدر کرنے میں کوئی رعایت نہ کرے۔
ریاست میں جگہ جگہ پائے جانے والے عوام کو ٹھگنے والے جادوگروں کو شہر بدر کرے۔
اولڈ ایج ہوموں میں رہنے والے بزرگوں کا ان کے مراکز میں، مفت علاج و معالجے کا انتظام کرے۔
دیہی علاقوں کے پرائمری ہیلتھ سنٹروں میں کتوں، بندروں، سانپوں اور بچھوؤں وغیرہ کے کاٹنے کے ابتدائی علاج کا انتظام کرے۔
بلدیہ کی جانب سے شہری حدود سے آوارہ مویشیوں کو دور رکھنے کا معقول انتظام کرے۔
کسی بھی قسم کی مزید معلومات کے لیے ایم پی جے، تلنگانہ کے ذمہ داروں سے درج ذیل نمبرات پر رابطہ کیا جاسکتا ہے :
9849377826 -9885479050 -9848240458 – 9010320638

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 08 جون تا 14 جون 2025