ممبئی: باباصاحب امبیڈکر کے گھر میں توڑ پھوڑ، مہاراشٹر کے وزیر اعلی نے سخت کارروائی کا انتباہ دیا
ممبئی، جولائی 8: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے بدھ کے روز ممبئی کے دادر علاقے میں دو نامعلوم افراد کے ذریعے باباصاحب امبیڈکر کے مکان میں توڑ پھوڑ کے بعد سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ ممبئی پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ملزموں نے منگل کی رات امبیڈکر ہاؤس کے اندر کھڑکیوں پر پتھراؤ کیا، سی سی ٹی وی کیمرے اور پھولوں کے برتنوں کو نقصان پہنچایا۔
دی انڈین ایکسپریس کے مطابق متونگا پولیس اسٹیشن کے افسران نے اس علاقے کے ’’منشیات فروشوں‘‘ پر توڑ پھوڑ کا الزام لگایا ہے۔
ہندو کالونی میں یہ گھر جسے ’’راج گروہ‘‘ کہتے ہیں، ایک تاریخی ورثوں کا میوزیم اور یادگار بھی ہے۔ ایک افسر نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے بعد سے میوزیم کو عوام کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ مجرموں کی وجہ سے عمارت کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔
ٹھاکرے نے کہا کہ واقعہ افسوسناک ہے اور ان کی حکومت اسے برداشت نہیں کرے گی۔ ٹھاکرے نے مزید کہا ’’یہ احاطہ امبیڈکر کے ماننے والوں کے لیے ہی صرف ایک مقدس مقام نہیں، بلکہ پورے معاشرے کے لیے ہے۔ امبیڈکر نے اپنی تمام تحریریں اس احاطے میں محفوظ کیں۔ یہ تمام مہاراشٹریوں کے لیے ایک زیارت گاہ کی طرح ہے۔ میں نے پولیس سے کہا ہے کہ وہ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنائے۔