مغربی بنگال میں بی جے پی کا ایم ایل اے بازار میں پھانسی پر لٹکا ہوا پایا گیا، کنبہ نے قتل کا الزام لگایا

کولکاتا، 13 جولائی: پولیس ذرائع کے مطابق بی جے پی کے سینئر لیڈر دیبندر ناتھ رے پیر کی صبح شمالی دیناج پور ضلع کے ہمت آباد کے علاقے میں اپنے گھر کے قریب لٹکتے ہوئے پائے گئے۔

رے نے ہیمت آباد اسمبلی حلقہ سے، جو شیڈیول ذاتوں کے لیے مخصوص نشست ہے، سی پی آئی (ایم) کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا تھا اور کامیابی حاصل کی تھی لیکن لوک سبھا انتخابات کے بعد گذشتہ سال انھوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ تاہم انھوں نے ریاستی اسمبلی میں سی پی آئی (ایم) کے ممبر اسمبلی کی حیثیت سے استعفی نہیں دیا تھا۔

ایک سینئر ضلعی پولیس افسر نے بتایا ’’رے کو آج (پیر کی صبح) ہیمت آباد کے علاقے میں ایک دکان کے قریب لٹکا ہوا پایا گیا تھا۔ ہم نے تفتیش شروع کردی ہے۔ فارنسک ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے اور ان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے۔‘‘

بی جے پی رہنما کے اہل خانہ نے اس واقعے کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے کیوں کہ انھیں شبہ ہے کہ ان کا قتل کیا گیا ہے۔

وہیں بی جے پی کی ریاستی قیادت نے بھی اس کا الزام ترنمول کانگریس کے سر منڈھنا شروع کر دیا ہے اور ممتا حکومت پر سوال اٹھائے ہیں۔