مغربی بنگال :زیر تربیت خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے خلاف ملک گیر سطح پر ڈاکٹروں کا احتجاج

مختلف پرائیویٹ اور سرکاری میڈیکل کالج،اسپتال اور طبی مراکز میں طلبا اور ڈاکٹروں نے متاثرہ کے لئے انصاف اورقصور واروں کو سخت سزا کا مطالبہ کیا

نئی دہلی ،17 اگست :۔

مغربی  بنگال  سرکاری آر جی کر اسپتال میں ایک خاتون ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے معاملے نے ملک گیر سطح پر ناراضگی اور اشتعال پیدا کر دیا ہے۔ملک بھر کے ڈاکٹروں میں غم و غصہ ہے۔تمام ریاستوں میں میکل کالج،اسپتال اور طبی مراکز پر طلبا اور ڈاکٹر احتجاج کر رہے ہیں ۔وہ متاثرہ کے لئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی سیکورٹی اور تحفظ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں ۔گزشتہ کئی روز سے یہ احتجاج کا سلسلہ جاری ہےجس کی وجہ سے متعدد اسپتالوں میں مریضوں کو بھی طبی خدمات ٹھپ ہونے سے پریشانیوں کا سامنا ہے۔ ملک کی راجاھدنی دہلی میں بھی ڈاکٹروں نے احتجاج کر کے متاثرہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

نئی دہلی میں ڈاکٹروں نے وزارت صحت و خاندانی فلاح و بہبود کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی۔ وہ انصاف کا مطالبہ کرنے نرمان بھون پہنچے لیکن پولیس کی رکاوٹوں نے انہیں روک دیا۔ ایمس، آر ایم ایل، صفدرجنگ، لیڈی ہارڈنگ اور کئی دیگر اسپتالوں کے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو نرمان بھون کے باہر پوسٹر اور بینرز اٹھائے ہوئے اور ‘ہم انصاف چاہتے ہیں’ اور ‘کوئی حفاظت نہیں، کوئی ڈیوٹی نہیں’ جیسے نعرے لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔ احتجاج کے پانچویں روز تمام متبادل خدمات معطل کر دی گئی ہیں، حالانکہ ایمرجنسی سروسز اور او پی ڈیز کام کر رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مرکزی سرکاری اسپتال کے ایک سرجن نے کہاکہ "ہم ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کے احتجاج میں اخلاقی طور پر ان کی حمایت کر رہے ہیں۔ وزارت کے رہنما خطوط کے مطابق مرکزی سرکاری اسپتال اپنی تمام خدمات بند نہیں کر سکتے اور ہم ایسا نہیں کرنا چاہتے۔ تاہم، ہم اپنے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی حمایت کر رہے ہیں۔ہیلتھ کیئر فیڈریشن آف انڈیا نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ ڈاکٹروں کے لیے محفوظ کام کے ماحول کو یقینی بنائیں اور کہا کہ ان کے خلاف تشدد کا کوئی بھی عمل ‘ناقابل قبول اور قابل مذمت’ ہے۔

دریں اثنا صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے ڈاکٹروں اور صحت کے پیشہ ور افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا یقین دلایا ہے۔ وزارت نے کہا کہ صحت کے پیشہ ور افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات تجویز کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔   ڈاکٹروں سے وزارت نے کام پر واپس لوٹنے کی اپیل کی ہے۔ ہفتہ کو وزارت کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق، فیڈریشن آف ریذیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن اور دہلی کے سرکاری میڈیکل کالجوں اور اسپتالوں کے ریزیڈینٹ ڈاکٹروں کی ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے نئی دہلی میں صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت سے ملاقات کی ہے اور اس ملاقات میں وزیر صحت جے پی نڈا نے کمیٹی تشکیل دے کر حفاظتی اقدامات کرنے کا بھروسہ دلایا ہے۔