مرکز نے سپریم کورٹ سے اس بابت ہدایات طلب کی ہیں کہ میڈیا حکومت سے تصدیق کے بعد ہی کوویڈ 19 سے متعلق خبریں شائع کرے
نئی دہلی، 31 مارچ: حکومت ہند نے سپریم کورٹ سے ہدایت طلب کی ہے کہ حکومت کی طرف سے فراہم کردہ طریقہ کار سے حقائق کا پتہ لگائے بغیر کوئی میڈیا آؤٹ لیٹ کوویڈ 19 پر کچھ بھی طبع، شائع یا ٹیلی کاسٹ نہ کرے۔ تارکین وطن مزدوروں کی فلاح و بہبود اور وبائی بیماری کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے اقدامات کی سمت تلاش کرنے والی درخواستوں کے جواب میں سپریم کورٹ میں دائر کی گئی اپنی اسٹیٹس رپورٹ میں مرکز نے یہ اپیل کی۔
داخلہ سکریٹری اجے بھلا (آئی اے ایس) کے ذریعہ دائر کی گئی اسٹیٹس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’اس نوعیت کی غیر معمولی صورت حال میں الیکٹرانک، پرنٹ، سوشل میڈیا یا ویب پورٹلز میں جان بوجھ کر یا غیر ارادی طور پر کسی بھی جعلی یا غلط رپورٹنگ سے معاشرے کے بڑے طبقے میں خوف و ہراس پھیلنے کا سنجیدہ اور ناگزیر امکان ہے۔‘‘
حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ ’’اس وبائی بیماری کی نوعیت پر غور کرتے ہوئے، جس سے نمٹنے کے لیے پوری دنیا جدوجہد کر رہی ہے، اس طرح کی رپورٹنگ کی بنیاد پر معاشرے کے کسی بھی طبقے کا گھبرانا نہ صرف اس طرح کی صورت حال کے لیے نقصان دہ ہوگا بلکہ اس سے پوری قوم کو نقصان پہنچے گا۔‘‘
مرکز نے وبائی مرض کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی عدالت کو آگاہ کیا۔
مرکز نے کہا ’’دنیا کے بہت کم ممالک نے اس طرح بروقت عمل کیا جس طرح ہندوستان نے کیا، جس کے نتیجے میں کوویڈ 19 کا پھیلاؤ ہمارے ملک میں اب تک قابو کرنے کے قابل ہے۔‘‘