مرکزی حکومت نے مغربی بنگال سے کہا کہ بنگلہ دیش میں ریاست کے 2،600 سے زیادہ شہری ’’انتہائی پریشانی‘‘ میں زندگی گزار رہے ہیں، انھیں ریاست میں داخل ہونے دیں
کولکاتا، اگست 10: مرکزی حکومت نے مغربی بنگال حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ریاست کے 2،680 افراد کو آنے کی اجازت دیں، جو پڑوسی بنگلہ دیش میں مارچ میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے آغاز سے پھنسے ہوئے ہیں۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ وزارت خارجہ نے کچھ ہفتے قبل بھی اسی طرح کی درخواست کی تھی تاکہ بنگلہ دیش کے ساتھ چھ زمینی سرحدوں کے ذریعے لوگوں کو ریاست میں داخل ہونے دیا جائے۔
7 اگست کے ایک خط میں MEA کے ایڈیشنل سکریٹری وکرم دورائی سامی نے مغربی بنگال کے چیف سکریٹری راجیو سنہا کو بتایا کہ پیتراپول-بیناپول انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ کے ذریعے ریاست میں 2،399 افراد اپنے گاؤں واپس آنا چاہتے ہیں اور 281 شہری پھولباری-بنگلہ بندھ زمینی سرحد کے راستے ریاست میں واپس آنا چاہتے ہیں۔
دی پرنٹ کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ ’’بہت سارے لوگ شدید پریشانی میں زندگی گزار رہے ہیں اور گھر واپس آنے کے لیے بے چین ہو رہے ہیں۔ ان کا گھر آنا فضائی راستے سے ممکن نہیں ہے، وہ صرف تب ہی واپس آنے کی امید کرسکتے ہیں جب انھیں ریل یا سڑک کے ذریعے سفر کرنے کی اجازت ہو۔‘‘
وزارت نے بتایا کہ زیادہ تر پھنسے ہوئے شہری یا تو ہنر مند ہیں یا نیم ہنر مند مزدور، جو بنگلہ دیش میں رشتہ داروں سے ملنے گئے تھے۔
ممتا بنرجی کی زیرقیادت ریاستی حکومت کے ذریعے درخواست منظور ہونے کے بعد مرکز نے ان کے لیے ٹرینوں اور گاڑیوں کا انتظام کرنے کی پیش کش کی ہے۔
ایک عہدیدار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ریاستی حکومت اس کے طریق کار پر عمل پیرا ہے۔
عہدیدار نے مزید کہا ’’مرکزی حکومت کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ وہ ٹرینوں میں سوار ہونے سے پہلے پھنسے ہوئے لوگوں کی صحت کی جانچ کروائے۔‘‘