مدھیہ پردیش کی کمل ناتھ حکومت کو گرانے میں وزیر اعظم مودی نے اہم کردار ادا کیا: کیلاش وجے ورگیہ
نئی دہلی، دسمبر 17: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ نے بدھ کے روز دعوی کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مارچ میں مدھیہ پردیش میں کمل ناتھ کی زیرقیادت کانگریس حکومت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
وجے ورگیہ نے اندور میں ایک ریلی میں کہا ’’میں نے آج تک یہ بات کسی کو نہیں بتائی۔ میں پہلی بار اس کو عام کررہا ہوں۔ اگر کسی نے کمل ناتھ حکومت کو گرانے میں اہم کردار ادا کیا تو وہ نریندر مودی تھے، (مرکزی وزیر) دھرمیندر پردھان نہیں۔‘‘
اس تقریر کے وقت وہاں مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا اور دھرمیندر پردھان بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ سابق ممبر پارلیمنٹ جیوترادتیہ سندھیا سمیت 22 دیگر ممبران اسمبلی کے کانگریس سے استعفیٰ دے کر بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد مارچ میں کمل ناتھ کی حکومت کا خاتمہ ہوگیا تھا۔
کانگریس نے بھی ایسے ہی دعوے کیے ہیں کہ مدھیہ پردیش اور کرناٹک سمیت مختلف ریاستوں میں حکومتوں کے خاتمے کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ تھا۔ بدھ کے روز مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان نریندر سلوجا نے کہا کہ وجے ورگیہ کا بیان پارٹی کے دعوؤں کا ثبوت ہے۔
سلوجا نے ٹویٹ کیا ’’ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس کی آئینی طور پر منتخب حکومت کو غیر آئینی انداز میں ختم کردیا۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ نے خود اس کا انکشاف کیا ہے۔‘‘
ایک اور ٹویٹ میں انھوں نے کہا ’’کانگریس پہلے دن سے ہی یہ کہہ رہی ہے، لیکن بی جے پی کمل ناتھ حکومت کے خاتمے کے لیے کانگریس کے اندرونی تنازعہ کو مورد الزام ٹھہراتی رہی ہے۔‘‘
اسکرول ڈاٹ اِن کی خبر کے مطابق جون میں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ بی جے پی کی مرکزی قیادت نے ریاست میں کانگریس حکومت کے خاتمے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایک آڈیو کلپ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران انھیں یہ دعویٰ کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ حالاں کہ اخبار اس آڈیو کلپ کی صداقت کی تصدیق نہیں کرسکا ہے۔