مدھیہ پردیش: کانگریس کے ایک باغی ایم ایل اے کی بیٹی نے پراسرار حالات میں خودکشی کی

نئی دہلی، مارچ 20: جیوترادتیہ سندھیا کی حمایت میں استعفی دینے والے کانگریس کے باغی ایم ایل اے سریش دھاکڈ کی 23 سالہ بیٹی نے گذشتہ رات پراسرار صورت حال میں راجستھان میں اپنی سسرال میں خودکشی کرلی۔

دھاکڈ بنگلور میں کانگریس کے 20 دیگر باغی ممبران کے ساتھ رہے ہیں۔ ان تمام اراکین اسمبلی نے قانون ساز اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ اسپیکر این پی پرجاپتی کو بھیج دیا تھا۔ دھاکڈ کا استعفی جمعرات کو قبول کرلیا گیا۔

اگرچہ ایم ایل اے کی بیٹی کی طرف سے اٹھائے گئے اس قدم کے پیچھے کی صحیح وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے، لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ بہت ہی زیادہ فکرمند تھی کیوں کہ اس کے ایم ایل اے والد کو اس کے بھتیجے کے انتقال کے موقع پر جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈھاکڈ کو اب چارٹرڈ طیارے میں بھوپال لایا جارہا ہے۔

اس خودکشی پر تبصرہ کرتے ہوئے مدھیہ پردیش کے ایک وزیر پی سی شرما نے ٹویٹ کیا ’’یہ اقتدار کی بھوک کی حد ہے‘‘۔

 

کانگریس کے ایم ایل ایز کی بغاوت کا سبب بننے پر بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے شرما نے کہا ’’اس بار وہ (بی جے پی) ہارس ٹریڈنگ نہیں کررہے ہیں۔ وہ ایلیفینٹ ٹریڈنگ میں ملوث ہیں‘‘۔