مدھیہ پردیش: سگریٹ جلانے کے لیے ماچس نہ دینے پر 50 سالہ دلت شخص کو پیٹ پیٹ کر کیا ہلاک، ملزمان گرفتار

مدھیہ پردیش، 30 نومبر: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق مدھیہ پردیش کے گونا ضلع کے کروڈ گاؤں میں دو افراد نے ایک پچاس سالہ دلت کسان کارکن کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم یش یادو اور انکیش یادو نے لال جی رام اہرور پر اس وقت حملہ کیا جب اس نے انھیں سگریٹ جلانے کے لیے ماچس کی ڈبہ نہیں دیا۔

ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ٹی ایس بگھیل نے کہا ’’یش یادو اور انکیش یادو نے ماچس کا ڈبہ دینے سے منع کرنے پر لال جی رام اہرور پر لاٹھیوں سے حملہ کیا۔ وہ شدید زخمی ہوا اور اسے گونا کے ضلعی اسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔‘‘

نیو انڈین ایکسپریس کے مطابق ملزمان کو شیڈول ذات/شیڈول قبائل مظالم ایکٹ کی دفعات اور قتل کی دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

ریاستی حکومت نے متاثرہ شخص کے لواحقین کے لیے 8.25 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سال جولائی میں بھی گونا میں ایک اور افسوسناک واقعہ ہوا تھا، جس میں ایک دلت کسان جوڑے نے انسداد تجاوزات مہم کو روکنے کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے سامنے زہر پی لیا تھا۔

اس واقعے کے بعد گونا کے کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا تھا۔