نئی شکل کے ساتھ ماہنامہ ’’کانتی‘‘ اور ہفت روزہ ’’کانتی‘‘ کا اجرا

نئی دہلی، 23 جنوری: آج ہندی ماہنامہ و ہفتہ وار ’’کانتی‘‘ کا اجرا امیرِ جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔

اس پروگرام میں سامعین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ ماہنامہ ’’کانتی‘‘ کی نئی شکل دیکھ کر خوشی ہوئی۔ اس کا مقصد برادران وطن اور ملک کے عوام تک اسلام اور تحریک کے افکار و خیالات کو پہنچانا ہے۔ امید ہے کہ یہ ہندی رسالہ ہماری تحریک کی تکمیل میں موثر ثابت ہوگا۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس کے مضامین بہتر اور معیاری ہوں گے تو زیادہ موثر ثابت ہوں گے۔ لہٰذا مشمولات پر خاص طور پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ نیز سماجی سوچ کو اجاگر کرنے کے لیے نئے قلمکاروں اور خواتین کو لکھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔

امیر جماعت نے کہا کہ انہوں نے مزید کہا کہ ہفت روزہ ’’کانتی‘‘ ہندی زبان میں مسلم قارئین کے لیے ہے اور اس کا مقصد وہی ہے جو اردو ماہنامہ ’’زندگی نو‘‘ اور ہفت روزہ ’’دعوت‘‘ کا ہے۔ اس ہندی ہفتہ روزہ کو اردو کے ان دونوں اخباروں کی ذمہ داری نبھانی ہے۔

پروگرام میں ’’دعوت ٹرسٹ‘‘ کے سکریٹری جناب عبد الجبارصدیقی نے ہندی اخبار کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔اس موقع پرجناب شبلی ارسلان کانتی ماہنامہ کے ایڈیٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ یہ پرچہ اسلام کا ترجمان بنے۔

مجمع کو کانتی ویکلی کے ایڈیٹر طیب مرزا نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ہماری کوشش سماجی مسائل اور زندگی کو اجاگر کرنے کی ہوگی۔

جناب شفیع مدنی صاحب سکریٹری جماعت اسلامی ہند نے اپنی تقریر میں کہا کہ ’’کانتی‘‘ سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور دعا ہے کہ یہ زیادہ سے زیادہ کامیاب ہو۔

پروگرام میں ایس امین الحسن صاحب و دیگراہم شخصیات نے بھی شرکت کیں۔