لوک سبھا انتخاب: ’آر ایس ایس کے سروے میں بی جے پی کو 200 سیٹیں بھی نہیں مل رہیں‘

آر ایس ایس نے جو داخلی سروے کرایا ہے، اس کے مطابق بی جے پی کو 200 سیٹیں بھی حاصل نہیں ہو رہی ہیں، پریانک کھڑگے کا دعویٰ

نئی دہلی ،06 اپریل :۔

ایک طرف لوک سبھا انتخابات کی سر گرمیوں کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی چار سو پار سیٹوں کا دعویٰ کر رہے ہیں   تو دوسری طرف انڈیا اتحاد کے لیڈران دعویٰ کر رہے ہیں کہ بی جے پی حکومت سازی کے لیے لازمی سیٹوں یعنی 272 سے بھی کم حاصل کرے گی۔ اس دوران کرناٹک کے وزیر پریانک کھڑگے کے ایک دعویٰ نے سبھی کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آر ایس ایس نے جو داخلی سروے کرایا ہے، اس کے مطابق بی جے پی کو 200 سیٹیں بھی حاصل نہیں ہو رہی ہیں۔

یہ دعویٰ پریانک کھڑگے نے ہفتہ کے روز کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’آر ایس ایس کا داخلی سروے کہتا ہے کہ بی جے پی کو 200 سیٹیں بھی نہیں ملیں گی۔ یہ آر ایس ایس کہہ رہا ہے۔ ریاست (کرناٹک) میں وہ 8 سیٹیں بھی حاصل نہیں کرے گی۔‘‘ ساتھ ہی وہ کرناٹک کے تعلق سے یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’14 سے 15 سیٹوں پر تو بی جے پی میں اندرونی لڑائی ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ کرناٹک میں لوک سبھا کی 28 سیٹیں ہیں۔ گزشتہ مرتبہ بی جے پی نے ان 28 سیٹوں میں سے 26 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی، اور اس مرتبہ سبھی 28 سیٹوں پر این ڈی اے امیدواروں کی کامیابی کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ حالانکہ پرینکا کھڑگے نے ایسی سبھی باتوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ انھوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ بی جے پی کے کئی سینئر لیڈران پارٹی کو ’صاف‘ کرنے کی ضرورت ظاہر کر رہے ہیں اور اس تعلق سے آپس میں بات چیت بھی کر رہے ہیں۔