فیلوشپ کی اہمیت جانیے !
آپ کی ذہانت اور قابلیت کا انعام ہوتی ہیں فیلو شپ ! چند اہم فیلو شپ اسیکیمیں جن کے لیے ابھی درخواست دی جاسکتی ہے۔
مومن فہیم احمد عبدالباری
(لیکچرر صمدیہ جونیر کالج، بھیونڈی)
ذہین اور محنتی طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کا حصول کبھی بھی مشکل نہیں رہتا۔ وہ طلبہ جو اپنی دھن کے پکے ہوں، جن میں لگن ہو اور کچھ کرنے کا جذبہ ہو ان کے لیے تعلیم کی راہ میں آنے والی مالی مشکلات کوئی معنی نہیں رکھتیں۔ جہاں ایک طرف حکومت ہر طبقہ کے مستحق طلبہ کے لیے اسکالرشپ کی شکل میں مالی مدد فراہم کرتی ہے وہیں دوسری طرف بہت سے تعلیمی ادارے بالخصوص اعلیٰ تعلیم کے لیے ذہین اور محنتی طلبہ کو فیلوشپ سے نوازتے ہیں۔
کیا ہے فیلو شپ؟
عام طور پر لوگ فیلو شپ اور اسکالرشپ کو ایک ہی سمجھ لیتے ہیں لیکن ان دونوں میں فرق ہوتا ہے حالانکہ دونوں کا مقصد ذہین، محنتی لیکن معاشی طور پر کمزور طلبہ کو ان کی تعلیم میں مدد کے لیے مالی امداد، سہولت اور رعایت فراہم کرنا ہے۔ ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ فیلو شپ اعلیٰ تعلیم کے لیے طلبہ کی ذہنی استعداد ومیرٹ کی بنیاد پر دی جانے والی اسکالرشپ ہے۔ لیکن عموماً یہ اعلیٰ تعلیم کے لیے ہی دی جاتی ہے اور مخصوص تعلیمی ادارے کے لیے ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ صرف تعلیم کے حصول کے لیے ہی نہیں بلکہ تعلیم حاصل کر لینے کے بعد کسی مخصوص پروجیکٹ کی تکمیل اور سماجی خدمات کے لیے بھی دی جاتی ہے۔ مختصراً یہ کہا جاسکتا ہے کہ ’’فیلو شپ سے مراد وہ مالی انعام ہے جو تعلیمی اخراجات کی تخفیف میں مددگار ہوتا ہے‘‘۔ ہندوستان کے زیادہ تر طلبہ بیرون ملک موقر تعلیمی اداروں میں گریجویشن، پوسٹ گریجویشن اور ڈاکٹریٹ وغیرہ کے لیے فیلو شپ کے ذریعے درخواست دیتے ہیں۔ پرانے وقتوں میں ریاستوں کے راجے مہاراجوں کے ذریعے بیرون ملک تعلیم کے لیے مالی مدد فراہم کرنا بھی فیلو شپ کی ہی مثال ہے۔ اس طرح سے تعلیم حاصل کرنے والوں میں گاندھی جی اور ڈاکٹر امبیڈکر جیسی شخصیات بھی شامل ہیں۔
فیلو شپ کی مختلف قسمیں
۱) گریجویٹ فیلو شپ: مغربی ملکوں میں اس طرح کی فیلو شپ بہت عام ہیں جس کے ذریعے گریجویشن کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو ان کی رہائشی لاگت میں کمی، ٹیوشن فیس کی ادائیگی اور صحت بیمہ وغیرہ پر مشتمل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ تعلیمی کانفرنسوں میں شمولیت اور اشاعتی اخراجات بھی شامل ہوسکتے ہیں۔
۲) میڈیکل فیلوشپ: طبی شعبے میں دی جانے والی فیلوشپ میڈیکل فیلو شپ کہلاتی ہے۔ اس طرح کی فیلوشپ میڈیکل کی ابتدائی تعلیم کی حصولیابی کے بعد کسی مخصوص طبی شعبے میں اختصاص یا مہارت کے حصول کے لیے دی جاتی ہے۔
۳) پوسٹ ڈاکٹورل فیلوشپ: تحقیق کے شعبے میں دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کے لیے پوسٹ گریجویشن اور ڈاکٹریٹ کے بعد کسی موضوع پر مزید تحقیق کے لیے یہ فیلوشپ دی جاتی ہے۔
فیلو شپ کی مدت کتنی ہوتی ہے؟
عام طور پر کسی بھی فیلوشپ کا تعلق اس کورس کے دورانیہ سے ہوتا ہے جس کے لیے یہ فیلوشپ دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انسٹیٹیوٹ کی پالیسی، قوانین و ضوابط اور طالب علم کی تعلیمی کارکردگی یا گریڈس کی بنیاد پر اس کے جاری رہنے یا روکنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔
چند اہم فیلو شپ
آئیے ہم چند ملکی اور غیر ملکی، حکومتی اور نجی فیلوشپ کے بارے میں جانیں جن کے لیے ابھی درخواست دی جا سکتی ہے۔
سنسکرتی -پربھا دت فیلوشپ (جرنلزم)
یہ فیلوشپ ایسی خواتین کے لیے ہے جو حالات حاضرہ کے کسی موضوع پر تحقیق کرنا چاہتی ہیں۔ یہ ہر سال دی جاتی ہے۔ کسی مخصوص موضوع یا کتاب پر مقررہ دورانیہ میں ریسرچ اور تجزیاتی کام کے لیے تفویض کی جاتی ہے۔ یہ کام ہندی، انگریزی یا بھی علاقائی زبان میں ہو سکتا ہے۔ دس مہینے پر مشتمل اس فیلو کے لیے ایک لاکھ روپئے دو قسطوں میں دیے جاتے ہیں نصف ابتدا میں اور باقی پروجیکٹ مکمل ہونے پر۔ چار مہینے مکمل ہونے پر پروگریس رپورٹ جمع کرنی ہوتی ہے۔ پرنٹ جرنلزم کے شعبے سے وابستہ پچیس تا چالیس برس کی عمر کی خواتین کے لیے یہ فیلو شپ دی جاتی ہے اور فیلو شخص کو دیے گئے وقت میں مخصوص موضوعات یا موضوع پر سلسلہ وار آرٹیکل یا کتاب شائع کرنی ہوتی ہے۔ ہر سال ۳۱ دسمبر سے قبل اپنی درخواست دینی ہوتی ہے۔ اس تعلق سے مزید تفصیل کے لیے سنسکرتی فاونڈیشن کی ویب سائٹ
www.sanskritifoundation.org پر پربھا دت فیلوشپ لنک سے حاصل کی جاسکتی ہے۔
ٹیچ فار انڈیا فیلوشپ
ٹیچ فار انڈیا فیلوشپ مختلف یونیورسٹیز کے ذہین اور قابل طلبہ کے لیے ملک کے مختلف علاقوں میں مستحق، معاشی پسماندہ سماجی طبقات کے اسکولوں میں بحیثیت معلم خدمات انجام دینے کے لیے دی جاتی ہے۔ فیلو اشخاص کا دو برس کے لیے حکومتی یا کم آمدنی کے نجی اسکولوں میں کل وقتی ٹیچرس کے طور پر تقرر کیا جاتا ہے۔ احمد آباد، بنگلورو، چینائی، دہلی، حیدرآباد، ممبئی اور پونے میں انہیں اول تا دہم جماعتوں کو انگریزی، ریاضی، سائنس اور سوشل سائنس مضامین کی تدریس کے لیے مقرر کیا جاتا ہے۔ انہیںماہانہ تقریبا بیس ہزار روپے مشاہرہ اور اگر دوسرے شہر میں تقرری ہو تو پانچ تا دس ہزار روپئے رہائشی الاونس دیا جاتا ہے۔ امیدوار کا گریجویٹ ہونا ضروری ہے۔ اس کے لیے درخواست چار سال بھر میں چار الگ الگ مرحلوں میں دی جاتی ہے ابھی تیسرے اور چوتھے مرحلے کی درخواست دی جا سکتی ہے۔ تیسرے مرحلے کی درخواست کی آخری تاریخ ۲۸ جنوری ۲۰۲۱ء جبکہ چوتھے مرحلے کے لیے ۱۴؍مارچ سے ۲۴؍مارچ ۲۰۲۱ء کے دوران درخواست دی جا سکتی ہے۔ مزید تفصیل کے لیے ویب سائٹ دیکھیں
www.apply.teachforindia.org
دی اوباما فاونڈیشن فیلوشپ
امریکہ کی مشہور کولمبیا یونیورسٹی میں کولمبیا ورلڈ پروجیکٹس جو دنیا کے مختلف ممالک میں حقیقی مسائل کے تدارک کے لیے کام کرتا ہے، اوباما فاونڈیشن اسکالرس پروگرام کے تحت یونیورسٹی ریسرچرس اور اسکالرس حکومت اور غیر تجارتی تنظیموں (این جی اوز) کے ساتھ مل کر کام کر سکتے ہیں۔ اس کے تحت اسکالرس کو تعلیمی اور مہارت کی بنیاد پر کولمبیا یونیورسٹی اور اوباما فاونڈیشن کے ترتیب دیے گئے اسکل بیسڈ پروگرام پر کام کرنا ہوتا ہے۔ اس کے تحت امریکہ کے نیویارک شہر میں رہنے، کولمبیا یونیورسٹی کے چار تعلیمی پروگرام میں داخلہ اور ٹیوشن فیس کے اخراجات، یونیورسٹی سے قریب ایک فرنشڈ اپارٹمنٹ، بنیادی میڈیکل، طبی انشورنس اور اپنے ملک آنے جانے کے ہوائی اخراجات وغیرہ دیے جاتے ہیں۔ اس کے لیے آن لائن ۵؍ فروری ۲۰۲۱ء تک درخواست دی جا سکتی ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے وزٹ کریں۔
https://worldprojects.columbia.edu
گاندھی فیلوشپ
پیرامل اسکول آف لیڈر شپ (پی ایس ایل) اور کیولیہ ایجوکیشن فاونڈیشن (کے ای ایف) یہ فیلو شپ ۲۱ تا ۲۶ برس کی عمر کے گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ امیدواروں کو دی جاتی ہے۔ اس کے تحت دو سال کا رہائشی (ریسیڈینشیل) پروگرام مکمل کرنا ہوتا ہے جس کے تحت انٹرپرینر شپ اور لیڈر شپ کی صلاحیتوں کو بروکار لانے اور سماج میں بہتری کے لیے کوشاں افراد کے ساتھ کام کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ یہ فیلوشپ ہندوستان کی درج ذیل چودہ (۱۴) ریاستوں و مرکز کے زیر اہتمام علاقوں: دہلی، راجستھان، جموں اینڈ کشمیر، گجرات، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، آندھرا پردیش، آسم، اڈیشہ، جھارکھنڈ، بہار، اتر پردیش، ہریانہ اور اترا اکھنڈ میں جاری ہے۔ تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں (این سی سی، این ایس ایس، اسپورٹس، پرفارمنگ آرٹس، مباحثہ اور ادب) سے متعلق اور دلچسپی رکھنے والے ۲۱ تا ۲۶ برس کے گریجویٹ و پوسٹ گریجویٹ امیدوار جنہوں نے انجینئرنگ، اپلائیڈ و پیور سائنس، کامرس، مینیجمنٹ، ہیومینیٹیز، لبرل آرٹس، سوشل ورک، نفسیات اور رجحان ساز سائنس، میتھس، جرنلزم و ماس کمیونیکیشن، ایجوکیشن اور قانون (لاء) کی تعلیم مکمل کی ہے وہ اس پروگرام کے لیے اہل ہیں۔ ماہانہ ۱۴؍ہزار روپے وظیفہ و دیگر الاونس بھی دیے جاتے ہیں۔ اس کے لیے ۳۱؍مارچ ۲۰۲۱ء تک درخواست دی جا سکتی ہے۔ مزید تفصیل کے لیے ویب سائٹ سے استفادہ کریں
http://gandhifellowship.org/FellowShip
سنگاپور نیشنل ریسرچ فاونڈیشن (این آر ایف) فیلوشپ
دنیا کے تمام ممالک سے ابتدائی تحقیق کاروں (ریسرچر) کے لیے سنگاپور میں تحقیق کا بہترین موقع اس فیلوشپ کے تحت حاصل ہو سکتا ہے۔ اس کے تحت ریسرچر کو پانچ سال کے پروجیکٹ کے لیے تقریباً تیس لاکھ سنگاپورین ڈالر فیلوشپ گرانٹ دی جاتی ہے، ساتھ ہی سنگاپور میں اپنی پسند کے تعلیمی ادارے میں بنیادی تحقیق کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں پی ایچ ڈی کامیاب امیدواروں کو مزید تحقیق کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ درخواست دینے کی آخری تاریخ ۳؍مارچ ۲۰۲۱ء ہے۔ مزید معلومات کےلیے ویب سائٹ سے استفادہ کریں۔
https://www.nrf.gov.sg
آئی آئی بی ایف فیلوشپ
انڈین انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فائنانس (آئی آئی بی ایف)، ڈائمنڈ جوبلی اینڈ سی ایچ بھابھا بینکنگ اوورسیز ریسرچ فیلوشپ ٢٠٢١-۲۰۲۰ کے لیے درخواست کا طلب گار ہے۔ اس فیلوشپ کا مقصد کامیاب امیدواروں کو ملک اور بیرون ملک بینکنگ اور فائنانس شعبوں میں ہونے والی حالیہ ترقیوں و تبدیلیوں کا جائزہ لینے اور تحقیق کا موقع فراہم کرنا ہے۔ پروجیکٹ کی کامیاب تکمیل پر انسٹیٹیوٹ کی جانب سے امیدوار کو ایک لاکھ روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔ اس فیلوشپ کی اہلیت کے لیے امیدوار کا مذکورہ انسٹی ٹیوٹ کا ممبر ہونا، کسی بینک یا فائنانشیل انسٹی ٹیوشن میں کم از کم ۵ برس بحیثیت آفیسر، عمر پچاس برس سے زیادہ نہ ہو، پوسٹ گریجویٹ پچاس فیصد مارکس یا اس سے زیادہ ہو۔ مزید تفصیلات کے لیے http://www.iibf.org.in/ ویب سائٹ یا ممبئی اور اطراف کے امیدوار ممبئی کے آفس: انڈین انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ و فائنانس، کوہ نور سٹی کمرشیل-۲، ٹاور ۱،۲،۳ فلور، ایل بی ایس مارگ، کرلا(ویسٹ) ممبئی -۷۰سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
جاگرتی یاترا
یہ ایک منفرد پروجیکٹ ہے جس کا حصہ گھومنے پھرنے (ٹراویل) کے شوقین افراد بن سکتے ہیں۔ پندرہ دنوں پر مشتمل ٹرین کا یہ سفر ملک کی مختلف ریاستوں کی سیر اور تجربہ حاصل کرنے پر مشتمل ہے جس میں بحیثیت شریک اور سہولت کار شرکت کی جا سکتی ہے۔ یہ ٹرین ملک کی مختلف ریاستوں کا تقریباً آٹھ ہزار کلومیٹر کا سفر طے کرتی ہے تاکہ رول ماڈلس، سوشل اور بزنس انٹرپرینرس سے ملاقات کی جا سکے۔ جاگرتی کا نظریہ (ویژن) ہے، ’’کاروباری مہم کے ذریعہ ہندوستان کی تعمیر‘‘۔ بیس تا ستائس برس کے نوجوان اس میں شرکت کر سکتے ہیں۔ ۲۴ دسمبر ۲۰۲۰ء سے درخواست کا مرحلہ جاری ہے۔ مزید تفصیل کے لیےویب سائٹ سے استفادہ کریں ۔
www.jagritiyatra.com
مذکورہ فیلوشپ کے علاوہ بھی کئی قومی و بین الاقوامی سطح کی فیلوشپ دستیاب ہیں، خواہشمند امیدوار انٹرنیٹ پر اپنی پسند کے موضوع سے متعلق فیلوشپ کی تلاش کریں اور تحقیق کے شعبے میں پیش رفت کریں۔
***
مشمولہ: ہفت روزہ دعوت، نئی دلی، شمارہ 7 فروری تا 13 فروری 2021