فیس بک اکاؤنٹ حذف کریں یا فوج چھوڑ دیں، دہلی ہائی کورٹ نے 89 ایپلی کیشنز پر لگی پابندی واپس لینے کے خواہاں افسر کو سے کہا
نئی دہلی، جولائی 15: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق دہلی ہائی کورٹ نے منگل کے روز آرمی کے ایک سینئر افسر سے کہا کہ وہ اپنی تنظیم کے تمام اہلکاروں کو ہدایت کریں کہ وہ فیس بک اور انسٹاگرام سمیت 89 موبائل ایپلی کیشنز کو ہٹا دیں یا ملازمت سے استعفی دے دیں۔
جسٹس راجیو سہائی اور جسٹس آشا مینن کی بنچ نے لیفٹیننٹ کرنل پی کے چودھری کے ذریعے، جو اس وقت جموں و کشمیر میں خدمات انجام دے رہے ہیں، ’’ڈی ایکٹویٹڈ‘‘ شکل میں اپنے فیس بک اکاؤنٹ کو برقرار رکھنے کی استدعا کو مسترد کردیا۔ عدالت نے کہا کہ فوج کی حالیہ ہدایت ملک کی حفاظت اور سلامتی سے متعلق ہے۔
چودھری نے استدلال کیا کہ ان کے اکاؤنٹ سے متعلق تمام فیس بک ڈیٹا، جس میں رابطوں اور دوستوں کی فہرست بھی شامل ہے، ایک بار حذف ہوجانے سے ’’بے حد نقصان ہو گا، جو ناقابل واپسی ہوگا۔‘‘
ججوں نے کہا کہ آرمی افسر بعد میں ایک نیا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں، لیکن ابھی انھیں تنظیم کے حکم کی پاسداری کرنی ہوگی۔
عدالت نے کہا ’’آپ براہ کرم اسے حذف کردیں۔ آپ ہمیشہ ایک نیا بنا سکتے ہیں۔ یہ اس طرح کام نہیں کرسکتا۔ آپ کسی تنظیم کا حصہ ہیں … اگر آپ کو فیس بک سے بہت پیار ہے تو اسے اپنے کاغذات میں شامل کریں۔ دیکھو آپ کو ایک انتخاب کرنا ہے کہ آپ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ آپ کے پاس اور انتخاب بھی ہیں جو ناقابل واپسی ہیں۔‘‘
اپنی درخواست میں چودھری نے کہا کہ وہ ایک فعال فیس بک صارف ہیں اور وہ امریکہ میں اپنے کنبے کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کے لیے اس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہیں۔ تاہم مرکز کے وکیل نے استدلال کیا کہ آرمی افسر کے لیے بیرون ملک بسنے والوں کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے مواصلات کی دیگر اقسام دستیاب ہیں۔
تاہم چودھری نے کہا کہ 6 جون کو جاری کردہ حکم میں آئین کے تحت مختلف بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے، جس میں اظہار رائے کا حق اور رازداری کے حق شامل ہیں۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’سماجی رابطوں کی ویب سائٹس سے فوجیوں کے پروفائلز اور ڈیٹا کے استعمال پر پابندی اور حذف کرنے کے احکامات آمرانہ حکومتوں کی خصوصیات ہیں اور یہ ہندوستان کی جمہوری اور آئینی بنیاد کے منافی ہیں۔ یہ عرض کیا گیا ہے کہ آئینی جمہوریت میں خدمات انجام دینے والی کسی بھی پیشہ ور فوج نے اپنے فوجیوں پر اس طرح کی غیر معقول اور بے محل پابندیاں عائد نہیں کیں۔‘‘
ججوں نے مرکز کے وکیل سے کہا کہ وہ پالیسی دستاویز کو سیل کر کے احاطہ میں فائل کریں اور اس معاملے کو 21 جولائی کو سماعت کے لیے درج کریں۔
واضح رہے کہ ہندوستانی فوج کے کچھ دن قبل 89 مختلف ایپلی کیشنز پر پابندی عائد کر دی تھی اور اپنے جوانوں سے ان ایپلی کیشنز سے اپنا ڈیٹا حذف کرنے اور انھیں ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔