عام آدمی پارٹی کے ممبر اسمبلی سومناتھ بھارتی کو یوگی آدتیہ ناتھ پر تبصرہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، چہرے پر سیاہی بھی پھینکی گئی
اترپردیش، جنوری 12: ددی انڈین ایکسپریس کے مطابق اترپردیش پولیس نے پیر کے روز عام آدمی پارٹی کے رہنما اور دہلی کے ممبر اسمبلی سومناتھ بھارتی کو وزیر اعلی آدتیہ ناتھ کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے اور ریاست کے اسپتالوں کی خراب حالت کے بارے میں تبصرہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔
بار اینڈ بنچ کے مطابق وزیر اعلیٰ کے بارے میں توہین آمیز بیانات پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبر سومناتھ ساہو نے امیٹھی کے جگدیش پور پولیس اسٹیشن میں بھارتی کے خلاف شکایت درج کی تھی۔ پولیس کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کرنے کے لیے بھی ایک اور ایف آئی آر کوتوالی اسٹیشن ہاؤس آفیسر اتل کمار سنگھ کی شکایت پر راے بریلی میں ان کے خلاف درف کی گئی ہے۔
آدتیہ ناتھ کی زیرقیادت حکومت کے تحت ریاست کے بنیادی ڈھانچے کی تباہ حال صورت حال کو اجاگر کرنے کے لیے سومناتھ بھارتی پیر کے روز رائے بریلی میں ایک سرکاری اسکول کا دورہ کرنے جارہے تھے، لیکن پولیس نے انھیں جانے کی اجازت نہیں دی اور اس گیسٹ ہاؤس کا گھیراؤ کر لیا جہاں وہ رہ رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ امیٹھی پولیس بھارتی کے خلاف کچھ ’’توہین آمیز ریمارکس‘‘ کے الزام میں دائر ایک کیس میں پوچھ گچھ اور گرفتاری کرنا چاہتی ہے۔
اس کے نتیجے میں سیاست دان اور پولیس اہلکاروں کے مابین تکرار ہوگئی۔ اس بیچ دائیں بازو کے کارکنوں سمیت لوگوں کا ایک گروپ بھی موقع پر پہنچا۔ ان میں سے ایک نے بھارتی پر سیاہی چھڑک دی۔ اس واقعے کی وجہ سے بھارتی اور پولیس کے مابین ایک اور گرما گرم جھگڑا ہوا۔
رائے بریلی میں درج شکایت کے مطابق بھارتی نے افسران کے ساتھ تعاون کرنے کے بجائے پولیس اہلکاروں کے ساتھ بد سلوکی کی اور دھمکی دی کہ وہ ان کی وردیوں کو چھین لیں گے۔ اس میں مزید یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ بھارتی کے حامیوں نے نعرے بازی کی اور ’’ایک ناگوار صورت حال پیدا کردی۔‘‘
عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے کو گرفتار کرکے مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جس نے انھیں 14 دن کے لیے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ بھارتی نے، جو دہلی کے قانون ساز اسمبلی کے رکن ہیں، ضمانت پر رہائی کے لیے درخواست منتقل کردی ہے، جس کی سماعت متعلقہ عدالت میں 13 جنوری کو ہوگی۔
دہلی کے نائب وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے سینیئر لیڈر منیش سسودیا نے بھارتی کی گرفتاری کی مذمت کی۔ انھوں نے آدتیہ ناتھ کو ٹیگ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ’’اترپردیش میں ایک اسکول کے دورے پر جانے والے ہمارے ایم ایل اے پر حملہ کیا گیا اور پھر گرفتار بھی کرلیا گیا۔ جب میں آپ کے اسکول دیکھنے آیا تو آپ نے مجھے بھی روک دیا! آپ کا اسکول کتنا خراب ہے کہ آپ کو لوگوں کو پولیس کا استعمال کرکے روکنا پڑ رہا ہے؟‘‘