صدرم جمہوریہ نے رام مندر کے لیے 5 لاکھ سے زیادہ کا عطیہ کیا
نئی دہلی ، 16 جنوری: صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے جمعہ کے روز ایودھیا میں اپنے خاندان والوں کی جانب سے رام مندر کی تعمیر کے لیے 5 لاکھ سے زیادہ کا عطیہ کیا۔
وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے جمعہ کو رام مندر کی تعمیر کے لیے ملک بھر میں فنڈ اکٹھا کرنے کی مہم کا آغاز کیا۔ اس مہم کو، جو 27 فروری کو اختتام پزیر ہوگی، آر ایس ایس اور اس سے وابستہ تنظیموں کی مدد حاصل ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور سیاسی لیڈروں سے اس مہم کے دوران عطیات کے لیے رابطہ کیا جائے گا۔
کووند نے اپنے کنبہ کے ممبروں کی موجودگی میں یہ چیک رام مندر ٹرسٹ کے خزانچی گویند داس گیری کی سربراہی میں ایک ٹیم کے حوالے کیا۔
ٹیم کے دیگر ممبران میں رام مندر بھون تعمیراتی کمیٹی کے سربراہ نریپندر مشرا، وی ایچ پی کے بین الاقوامی ورکنگ صدر آلوک کمار اور آر ایس ایس رہنما کلبھوشن آہوجا شامل تھے۔
انھوں نے کہا کہ ہندوستان کا صدر ملک کا پہلا شہری ہے، ان سے چندہ اکٹھا کرنے کے ذریعہ مہم شروع کرنا مناسب تھا۔
انھوں نے مزید کہا ’’ہم بھی وزیر اعظم سے بھی چندہ مانگنے پہنچیں گے۔‘‘
انھوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت چار لاکھ دیہاتوں میں 55 کروڑ افراد شامل ہوں گے۔
دریں اثنا ملک کے مختلف حصوں سے رام مندر کے لیے فنڈز جمع کرنے کی ریلیوں میں تشدد اور فرقہ وارانہ نعروں کی خبروں نے ایک تشویش کا ماحول پیدا کردیا ہے۔