شہر یت ترمیمی قانون تمام ریاستوں کو کرنا ہوگا نافذ: شیوراج سنگھ

جے پور: مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی نائب صدر شیوراج سنگھ نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون تمام ریاستوں کو نافذ کرنا ہوگا۔ یہ قانون پارلیمنٹ نے بنایا ہے۔ دونوں ایوان نے اسے منظور کیا ہے۔ اسے نافذ کرنے سے ریاستیں منع نہیں کرسکتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ائینی عہدہ پر بیٹھے ریاستوں کے وزیراعلی اسے ریاستوں میں نافذ کرنے سے انکار نہیں کرسکتے۔ انہیں نافذ کرنا ہی ہوگا، دوسرا کوئی طریقہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے پاس دوسرے راستے بھی ہیں، حالانکہ انھیں امید ہے کہ ایسی نوبت نہیں آئے گی۔

سنگھ نے کہا کہ فی الحال 2014 تک کے پناہ گزینوں کو اس قانون کے تحت شہریت دینے کا التزام کیا گیا ہے، اس کے بعد آنے والوں کو بھی شہریت دینے کے راستے کھلے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شیوراج سنگھ نے کہا کہ سی اے اے اور این آر سی دونوں الگ ہیں۔ سی اے اے مذہبی بنیاد پر اذیت کے شکار لوگوں کو شہریت دینے کے لئے لایا گیا ہے جبکہ این آر سی ملک کے کسی بھی شہری پر نافذ نہیں ہوگا۔ اس سے کسی کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔ یہ انہی کے لئے ہے جو ملک میں غیرقانونی طریقہ سے غلط ارادے سے آئے ہیں۔