شاہین باغ کی ’’دادیاں‘‘منگل کے روز کیرالہ میں ’’راج بھون گھیراؤ‘‘ احتجاج کی قیادت کریں گی
ترواننت پورم، فروری 24— عصمہ خاتون، بلقیس اور سروری، شاہین باغ کے تین "دادیاں” جو شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف مظاہرے کا مرکزی چہرہ ہیں اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کی کارکن عائشہ رینا منگل اور بدھ کے روز ریاستی گورنر کی رہائش گاہ راج بھون تک احتجاج کی قیادت کریں گی۔ یہ احتجاج سی اے اے کے خلاف ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کی کیرالہ شاخ کے ذریعہ ’’راج بھون گھیراؤ‘‘ کے نام سے منعقد کیا جارہا ہے۔
ویلفیئر پارٹی کے ریاستی صدر حمید ونیمبالم نے اتوار کے روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے لوگ تنوع کے نظریہ کو مسمار کرنے کے خیال کے خلاف احتجاج کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔ ملک، جمہوریت اور آئین کے دفاع کا یہ آخری موقع ہے۔
انھوں نے کہا ’’جدوجہد اس وقت تک جاری رہنی چاہیے جب تک کہ شہریت ایکٹ کی منسوخی اور سنگھ پریوار آمریت کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ شہریت قانون میں ترمیم کے خلاف ملک گیر احتجاج ایک نئے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں۔ مرکزی حکومت عوام کی طرف سے اٹھائے جانے والے خدشات کو جمہوری طریقے سے حل کرنے کے بجائے یکطرفہ طور پر قانون نافذ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس منظر نامے میں مزید طاقتور مظاہروں کو سامنے آنا چاہیے۔‘‘
انھوں نے یہ بھی کہا کہ این آر سی اور شہریت کے قانون کے نفاذ سے مساوات، معاشرتی انصاف اور برادرانہ تعلقات جیسے آئینی اقدار کو ختم کیا جائے گا، مذہبی بنیادوں پر لوگوں میں تفریق پیدا ہوگا اور مسلمانوں کو ان کی شہریت سے بے دخل کردیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس قانون سے اس آئین کا خاتمہ ہوتا ہے جو سنگھ پریوار کے ہندو راشٹر کے قیام میں رکاوٹ ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس تحریک کے دوسرے مرحلے میں مرکزی حکومت کے اداروں میں ملک بھر میں مظاہرے کیے جائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ دوسرے مقام کے آغاز کے طور پر ‘قبضہ راج بھون’ منظم کیا جارہا ہے۔ اس احتجاج کے ذریعہ راج بھون کو 48 گھنٹے تک بلاک رکھا جائے گا۔
ریاست کے مختلف اضلاع کے ہزاروں کارکنان 25، 26 فروری (منگل اور بدھ) کو اس احتجاج میں شامل ہوں گے۔
قومی اور ریاستی قائدین جو اجتماع سے خطاب کریں گے ان میں ڈاکٹر ایس کیو آر الیاس، صدر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا، اپوزیشن لیڈر رمیش چننی تھالا، کے پی سی سی کے صدر ملاپیپلی رام چندرن، مسلم لیگ کے قومی جنرل سکریٹری اور لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ پی کے کنجلیکٹی، کے مرلی دھرن اور بہت سے دوسرے رہنما احتجاج سے خطاب کریں گے۔