شاہین باغ: سپریم کورٹ کے مقرر کردہ ثالثی پینل کے اجلاس شروع
نئی دہلی، فروری 18— سپریم کورٹ کی جانب سے شاہین باغ کے سی اے اے مخالف مظاہرین کے ساتھ مظاہرے کی جگہ منتقل کرنے کی بات چیت کے لیے ایک پینل کے تقرری کے بعد پینل کے تینوں ممبران پینل کے سربراہ سینئر وکیل سنجے ہیگڈے کے گھر پر اجلاس کر رہے ہیں۔
پیر کے روز دہلی-نوئیڈا روڈ سے احتجاجی مقام کو ہٹانے کے لیے درخواستوں کی سماعت کے بعد اعلی عدالت نے مظاہرین کے ساتھ ثالثی کے لیے ایڈوکیٹ سنجے ہیگڈے کو مقرر کیا تھا۔ عدالت نے انھیں اپنی مدد کے لیے دو اور لوگوں کا اںتخاب کرنے کی بھی اجازت دی گئی تھی۔ ایڈووکیٹ ہیگڈے نے ایڈوکیٹ سدھنا رام چندرن اور سابق بیوروکریٹ اور قومی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین وجاہت حبیب اللہ کو پینل کے ممبر کے طور پر منتخب کیا۔
انڈیا ٹومورو سے گفتگو کرتے ہوئے وجاہت حبیب اللہ نے اس ملاقات کے بارے میں تصدیق کی۔ انھوں نے کہا ’’ہم ابھی ابھی یہاں اجلاس شروع کر رہے ہیں۔‘‘
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دہلی پولیس کے عہدیداروں نے بھی ایڈوکیٹ سے ملاقات کی اور متبادل امکانات کے بارے میں بات کی۔ امکان ہے کہ پینل کل شاہین باغ کا دورہ کرے گا۔
پیر کو جسٹس ایس کے کول اور کے ایم جوزف پر مشتمل اعلی عدالت کی بنچ نے ثالثی پینل کا تقرر کیا تھا۔ بنچ نے مرکزی حکومت سے متبادل مقامات کے بارے میں بھی پوچھا تھا جہاں شاہین باغ احتجاج کو منتقل کیا جاسکتا ہے۔
احتجاج کے حق کو بنیادی حق قرار دیتے ہوئے عدالت نے کہا تھا کہ سڑکوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بلاک نہیں کیا جاسکتا۔