شاہین باغ خواتین مظاہرہ: میں یہاں آئین اور ہندوستان کو بچانے آیا ہوں، یوگیندر یادو کاخطاب
نئی دہلی: قومی شہریت قانون، قومی شہری رجسٹر اور قومی آبادی رجسٹر کے خلاف شاہین باغ میں خواتین مظاہرین کی حمایت کرتے ہوئے سوراج ابھیان کے صدر یوگیندر یادو نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں ملک اور آئین کو بچانے کے لیے آیا ہوں۔ انھوں نے خواتین کے جذبے کو سلام کرتے ہوئے کہا کہ خواتین آئین کی حفاظت کے لیے اس سخت سردی کے موسم میں آرام و آسائش کو چھوڑ کر دن رات کا دھرنا دے رہی ہیں، خواتین کا یہ جذبہ پورے ملک کے لیے ایک مثال ہے۔
کل ہند مسلم یوتھ فورم کے سرپرست ٹی ایم ضیاء الحق نے مظاہرہ میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ شاہین باغ کی خواتین کے مظاہرہ نے پوری دنیا کو پیغام دیا ہے کہ یہاں کی خواتین کسی طرح بھی اپنے حقوق اور ملک کے آئین کی حفاظت میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کا فیصلہ نہ صرف جابرانہ ہے بلکہ ملک کے لیے تباہ کن بھی ہے اور یہ صرف مسلمانوں کے خلاف ہی نہیں ہے بلکہ ہندوؤں کے بھی خلاف ہے۔
پیپلز ہوپ کے چیرمین رضوان احمد نے خواتین کے مظاہرے کو ظلم و جبر کے خلاف اور آئین کے حق میں جنگ کی ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی رہنمائی اور بغیر کسی انتظام کے 18 دن سے مظاہرہ کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ جب وہ اپنی طاقت دکھانے پر آجائیں تو کوئی اس کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ کہنا کہ یہ مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے، غلط ہے اور یہ صرف مسلمانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ ہندوؤں کے لیے بھی اتنا ہی نقصان دہ ہے۔ غریب طبقہ، ایس سی، ایس ٹی اور بنجارہ بھی اس کی زد میں آئیں گے۔