سپریم کورٹ کے فیصلے سے ایودھیا تنازعہ پسِ پردہ چلا گیا: نواب ملک
ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی ترجمان و ممبئی صدر نواب ملک نے ایودھیا معاملے میں اپنا ردعمل و پارٹی کا موقف ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایودھیا تنازعے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ ایک تاریخی فیصلہ ہے، جس کے بعد اس تنازعہ پر اب پردہ پڑ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ابتدا سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ سپریم کورٹ جو فیصلہ دے گا وہ ہرکسی کو تسلیم کرنا چاہیے۔ چاہے وہ کوئی سیاسی پارٹی ہو یا پھر کوئی مذہبی جماعت، سبھی کو سپریم کورٹ کا فیصلہ منظور کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے سے قبل ہی تمام لوگوں نے اس کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا، اس لیے کوئی بھی نہ تو اس کا سہرا اپنے سرلینے کی کوشش کرے، نہ تو کوئی جلوس نکالے اور نہ ہی کسی کے جذبات کو ٹھیس پہونچائے۔ یہ بات لوگوں کو تسلیم کرنی چاہیے۔
نواب ملک نے کہا کہ ہمیں یہ امید ہے کہ اس کے بعد کوئی بھی سیاسی پارٹی مذہب کے نام پر اس طرح کا تنازعہ دوبارہ نہیں کھڑا کرے گی۔