سپریم کورٹ کے آج کے حکم کے بعد پر امن مظاہروں کو آسانی سے دفعہ 144 نافذکر کے دبایا نہیں جا سکے گا

نئی دہلی، جنوری 10— سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز آزادی اظہار رائے کے حق میں ایک تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے ملک میں حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے لیے سی آر پی سی کی دفعہ 144 کے استعمال اور انٹرنیٹ اور دیگر ٹیلی مواصلات کی خدمات کی معطلی کے سلسلے میں رہنما اصول وضع کیے ہیں۔

جموں وکشمیر میں پابندیوں کو چیلنج کرنے والی عرضی کے بارے میں فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ انٹرنیٹ پر حق اظہار رائے بھی اظہار رائے کی آزادی کا ایک حصہ ہے اور انٹرنیٹ پر غیر معینہ پابندی عائد کرنا طاقت کا غلط استعمال ہے۔ اعلی عدالت نے یہ بھی کہا کہ دفعہ 144 صرف ہنگامی صورت حال میں مخصوص مدت اور اثر کے علاقے کے ساتھ استعمال کی جاسکتی ہے۔

جسٹس این وی رمنا، آر سبھاش ریڈی اور بی آر گاوائی پر مشتمل تین ججوں کے بنچ نے جموں وکشمیر انتظامیہ کو ہدایت دی کہ 5 اگست 2019 کو خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے نافذ تمام پابندیوں کے احکامات کا ایک ہفتے میں جائزہ لیا جائے۔

انٹرنیٹ کی معطلی اور دفعہ 144 کے نفاذ کے بارے میں اعلی عدالت کے مشاہدات اور رہنما اصولوں کے بعد ایسا لگتا ہے کہ کسی بھی حکومت یا ضلعی انتظامیہ کے لیے اب اس طرح کے ذرائع استعمال کرکے پرامن مظاہروں کو دبانا آسان نہیں ہوگا۔

پچھلے ایک ماہ میں شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کرنے کے لیے ملک بھر میں سیکڑوں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ سوائے کچھ ریاستوں میں جہاں بی جے پی اقتدار میں ہے، جیسے اترپردیش ، آسام اور کرناٹک ، یہ تمام مظاہرے پرامن تھے۔ ان تینوں ریاستوں میں انٹرنیٹ کو معطل اور متعدد مقامات پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی تھی۔

دفعہ 144 کے استعمال اور انٹرنیٹ کی معطلی سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم کے اہم نکات:

1- انتظامیہ کو دفعہ 144 اور انٹرنیٹ سمیت ٹیلی کام خدمات معطل کرنے کے تمام احکامات شائع کرنا ہوں گے تا کہ متاثرہ افراد کو ہائی کورٹ یا مناسب فورم کے سامنے اسے چیلنج کرنے کا مجاز ہو۔

2- حکام کو ملک میں کہیں بھی دفعہ 144 نافذ کرنے کی وجوہات اور بنیادوں کا تذکرہ کرنا ہوگا اور ان احکامات کو عوامی طور پر شائع کیا جائے گا تاکہ لوگ ان کو چیلنج کرسکیں۔

3- دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت طاقت کا استعمال جائز رائے یا شکایت یا کسی جمہوری حقوق کے استعمال کو ختم کرنے کے لیے نہیں کیا جاسکتا ہے۔

4- دفعہ 144 کے تحت طاقت کا استعمال کرتے ہوئے مجسٹریٹ کا فرض ہے کہ وہ تناسب کے اصولوں پر مبنی حقوق اور پابندیوں کو متوازن کرے اور اس کے بعد کم سے کم مداخلت کرنے والے اقدام کا اطلاق کرے۔

5- دفعہ 144 کے تحت دہرانے والے احکامات طاقت کا غلط استعمال ہوگا۔

6- تقریر اور اظہار رائے کی آزادی اور انٹرنیٹ کے ذریعہ کسی بھی پیشے یا کسی بھی تجارت یا کاروبار یا پیشہ پر عمل کرنے کی آزادی کو آرٹیکل 19-1 A اور 19-1 G کے تحت آئینی تحفظ حاصل ہے۔

7- انٹرنیٹ سروسز کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کرنے کا حکم نامناسب ہے۔

 

سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے: کپل سبل

کانگریس کے سینئر رہنما اور سپریم کورٹ کے وکیل کپل سبل نے آج کے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو "تاریخی” قرار دیا۔

 سبل نے جمعہ کی شام نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ”کشمیر سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے۔ یہ تاریخی ہے کیونکہ ملک کے لوگ کشمیر کی صورت حال پر تشویش میں مبتلا تھے کیوں کہ انھیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں تھیں اور لوگوں کو وہاں سے خبریں نہیں آرہی تھیں کیونکہ پورے کشمیر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی تھی اور ٹیلی گراف کے قوانین کے تحت انٹرنیٹ کو معطل کردیا گیا تھا۔”

عدالت نے حکم دیا ہے کہ دفعہ 144 کے تمام احکامات اور ٹیلی کام خدمات کی معطلی کو عوامی ڈومین میں ڈالا جائے تاکہ کوئی بھی شخص ان کو چیلنج کرسکے۔ یہ ایک بہت بڑا فیصلہ ہے کیونکہ آنے والے برسوں میں حکام کو ملک میں کہیں بھی دفعہ 144 نافذ کرنے کی وجوہات اور بنیادوں کا تذکرہ کرنا پڑے گا اور ان احکامات کو عوامی طور پر اپ لوڈ کیا جائے گا تاکہ لوگ ان کو چیلنج کرسکیں۔

عدالت نے کہا ہے کہ اس طرح کے بنیادی حقوق پر پابندیاں تناسب کے امتحان میں شامل ہونے والی 19-2 اور 19-6 کے تحت مینڈیٹ کے مطابق ہونا چاہیے۔

اس کا مطلب ہے کہ اگر کسی ایک علاقے میں امن و امان کا مسئلہ ہے تو آپ پوری ریاست میں دفعہ 144 نافذ نہیں کرسکتے اور نہ ہی پوری ریاست کا انٹرنیٹ معطل کرسکتے ہیں۔ انتظامیہ کو اس مخصوص علاقے کے لیے اسے 24 گھنٹے، 12 گھنٹے یا 6 گھنٹے کی طرح مقررہ مدت کے لیے رکھنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ اعلی عدالت نے ہدایت کی ہے کہ انٹرنیٹ خدمات غیر معینہ مدت کے لیے معطل کرنے کا حکم نامناسب ہے۔ انتظامیہ کو وقت کی مدت بتانا ہوگی۔