سپریم کورٹ نفرت انگیز تقریر کے خلاف پھر سخت،نگرانی کی ہدایت

 یوتمال اور رائے پورمیں مجوزہ ریلیوں پرپابندی کی عرضی پر سپریم کورٹ نے ڈی ایم اور ایس پی کو سخت ہدایت جاری کیا

نئی دہلی ،17جنوری :۔

سپریم کورٹ  کی جانب سے گزشتہ سال جاری کئے گئے ہدایات کے باوجود نفرت انگیز تقاریر کا سلسلہ جاری ہے ۔ایک بار پھر سپریم کورٹ نے کچھ ریاستوں کو کارروائی کے لئے ہدایات جاری کی ہے اور سختی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ یوتمال، رائے پور اضلاع کے ڈی ایم، اور ایس پیز کو ایس سی نے ہدایت دی کہ ریلیوں کے دوران نفرت انگیز تقریر نہ  ہونے پائے ۔

رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے بدھ کے روز مہاراشٹرا اور چھتیس گڑھ کے یوتمال اور رائے پور اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت جاری کی کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ 19 جنوری سے 25 جنوری تک ہندوتوا تنظیم اور بی جے پی ایم ایل اے کی ریلیوں کے دوران نفرت انگیز تقاریر نہ ہوں۔

ریلیوں کی اجازت کو منسوخ کرنے کی درخواست کے جواب میں، جسٹس سنجیو کھنہ اور دیپانکر دتا کی بنچ نے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا کہ نفرت انگیز تقاریر کے معاملے سے متعلق اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے ہدایات عدالت پہلے ہی دے چکی ہے، اس لیے وہ ایسا نہیں کرے گی۔

عدالت نےکہا کہ”واضح رہے کہ جن افراد کے خلاف الزامات لگائے گئے ہیں انہیں فریق نہیں بنایا گیا ہے۔ اس کے باوجود کیے گئے دعووں کے پیش نظر، ہم حکام سے اس حقیقت سے محتاط رہنے کا مطالبہ کرتے ہیں کہ تشدد یا نفرت انگیز تقاریر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ہم اس کے مطابق یوتمال، مہاراشٹر اور رائے پور، چھتیس گڑھ کے ضلع مجسٹریٹ کو ان الزامات کا نوٹس لینے اور ضرورت کے مطابق مناسب قدم اٹھانے کی ہدایت کرتے ہیں۔

بنچ نے ڈی ایم اور ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ ہندو جن جاگرتی سمیتی اور بی جے پی کے قانون ساز ٹی راجہ سنگھ کی ریلی کی نگرانی کریں جو کہ آئندہ ہفتے منعقد ہونے والی ہے، اگر ضرورت ہو تو ریکارڈنگ کی سہولیات والے مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کریں، تاکہ نفرت پھیلانے والوں  پر کارروائی کی جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق درخواست گزار شاہین عبداللہ نے نفرت انگیز تقاریر کے متعدد واقعات کے بعد مفاد عامہ کی عرضی (PIL) کے ساتھ عدالت سے رجوع کیا تھا، جس میں عدالت سے ریلی پر روک لگانے کی درخواست کی گئی تھی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہندو جن جاگرتی سمیتی کی طرف سے 18 جنوری کو ضلع یوتمال میں ہونے والی ریلی میں نفرت انگیز تقاریر کا خدشہ ہے۔ جیسا کہ  رائے پور ضلعی ریلیوں کے ساتھ ہے جو 19-25 جنوری کو ہونے والی ہیں۔

سینئر وکیل کپل سبل نے درخواست گزار کی طرف سے بات کرتے ہوئے پوچھا کہ "وہ ایسا کیوں ہوتا ہے ؟ انہوں نے   زور دیتے ہوئے کہ ایف آئی آر درج کرنے کے باوجود قصورواروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ایسا بار بار ہوتا ہے ،انہوں نے ریلی کی اجازت منسوخ کرنے کی درخواست کی۔