سپریم کورٹ میں تمام تعلیمی اداروں میں یکساں لباس کا ضابطہ نافذ کرنے کی عرضی دائر
نئی دہلی، فروری 12: سپریم کورٹ میں آج دائر کی گئی ایک مفاد عامہ کی عرضی میں تمام رجسٹرڈ اور تسلیم شدہ مرکزی اور ریاستی حکومت کے تعلیمی اداروں کو مشترکہ لباس کوڈ نافذ کرنے کی ہدایت دینے کی مانگ کی گئی ہے۔
کرناٹک میں حجاب تنازعہ کے بعد جو عرضی آئی ہے وہ بی جے پی سے وابستہ ایڈوکیٹ اشونی اپادھیائے کے بیٹے نکھل اپادھیائے نے دائر کی ہے۔
اپنی درخواست میں اپادھیائے نے دلیل دی کہ تعلیمی اداروں میں یکساں لباس کوڈ سماجی مساوات، بھائی چارے، اتحاد اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’’ذات پرستی، بنیاد پرستی، طبقاتیت، بنیاد پرستی، علاحدگی پسندی اور فرقہ پرستی کے سب سے بڑے خطرے کو روکنے کے لیے ایک مشترکہ لباس کا ضابطہ ضروری ہے۔‘‘
انھوں نے عرض کیا کہ امریکہ، برطانیہ، فرانس، سنگاپور اور چین میں اسکولوں اور کالجوں کا لباس مشترکہ ہے۔