سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عید الفطر منائی گئی

پاکستان میں بھی سعودی عرب کے ساتھ عید منائی گئی

ریاض ،10 اپریل :۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور خلیجی و یورپی ممالک میں مذہبی جوش و خروش کے ساتھ آج عید الفطر منا ئی جا رہی ہے۔اس بار روایت سے ہٹ کر بر صغیر کے خطے پاکستان میں بھی سعودی عرب کے ساتھ عید منائی گئی ۔ہندوستان بنگلہ دیش میں عید الفطر کل یعنی 11 اپریل کو منائی جائے گی ۔حالانکہ جموں کشمیر اور کیرالہ کے علاقے میں روایتی طور پر سعودی عرب کے ساتھ ہی عید منائی گئی ۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق  سعودی عرب، یو اے ای، افغانستان، ملائیشیا، قطر اور یورپی ممالک سمیت پاکستان میں بھی  آج عید الفطر منائی گئی ۔

سعودی عرب میں عید الفطر کے موقع پر حرم مکی (مسجد الحرام) اور حرم مدنی (مسجد النبوی) میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ حرمین شریفین میں سعودی شہریوں کے علاوہ مملکت میں مقیم غیر ملکیوں اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے زائرین و معتمرین گزشتہ شب ہی سے پہنچنا شروع ہو گئے تھے، جہاں انہوں عید الفطر کی نماز ادا کی۔

حرمین شریفین میں عید الفطر کی نماز کے بعد امت مسلمہ کے لیے خیر و برکت، سلامتی اور فلسطین سمیت دیگر مظلوم مسلمانوں کے لیے دعائیں کی گئیں۔