سان فرانسسکو شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف قرار داد منظور کرنے والا امریکہ کا چھٹا شہر بنا

امریکہ، جولائی 23: سان فرانسسکو شہریت ترمیمی قانون اور شہریوں کے قومی رجسٹر کے خلاف قرار پاس کرنے والا امریکہ کا چھٹا شہر بن گیا ہے۔

منگل کو سٹی کونسل کے اجلاس میں ’’انصاف اور احتساب کے اتحاد‘‘ کے ساتھ ساتھ سان فرانسسکو کی دیگر مقامی تنظیموں نے سی اے اے اور این آر سی کو ’’اقلیتوں اور ذات پات کی بنیاد پر لاکھوں افراد کو بے ریاست بنانے والا‘‘ قانون قرار دیا۔

امریکن انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک ہسٹری اینڈ کلچر، سان فرانسسکو انٹر فیتھ کونسل، سان فرانسسکو ہیومن رائٹس کمیشن اور سان فرانسسکو مسلم کمیونٹی سنٹر اس کا حصہ تھے۔

اس سے پہلے سیٹل، البانی، سینٹ پال، ہیمٹرک اور کیمبرج نے بھی اسی طرح کی قراردادیں پاس کی ہیں اور سی اے اے اور این آر سی کو ’’غیر جمہوری اور متعصب‘‘ قرار دیا ہے۔