راہل گاندھی وزیر اعظم نریندر مودی کی سب سے بڑی ٹی آر پی:ممتا بنرجی

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ کانگریس ہی ہے جو بی جے پی کے سامنے جھکتی ہے ۔کانگریس ،سی پی ایم اور بی جے پی اقلیتوں کو ٹی ایم سی کے خلاف بھڑکا رہے ہیں

کولکاتہ،20مارچ:۔

بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور کانگریس کے درمیان آپس میں چل رہا تنازعہ اب لوک سبھا انتخابات کی سر گرمیوں کے درمیان مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے ۔ممتا بنرجی لگا تار کانگریس کو نشانے پر لے رہی ہیں۔ ایک بار پھر سے ممتا نے راہل گاندھی پر بڑھا حملہ کیا ہے ۔ممتا بنرجی نے اپنی پارٹی کی ایک انٹرنل میٹنگ میں راہل گاندھی کے خلاف بڑا حملہ بولا ہے ۔

ذرائع کے مطابق ممتا بنرجی نے اپنی پارٹی کی ایک میٹنگ میں کہا کہ اگر راہل گاندھی اپوزیشن کا چہرا ہے تو کوئی بھی وزیر اعظم مودی کو ٹارگیٹ نہیں کر پائے گا۔ رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اپنی پارٹی کے کارکنان سے کہا کہ راہل گاندھی پی ایم مودی کی سب سے بڑی ٹی آر پی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جان بوجھ کر پارلیمنٹ کو چلنے نہیں دے رہی ہے کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ راہل گاندھی رہنما بنیں ، بی جے پی راہل گاندھی کو ہیرا بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

رپورٹ کے مطابق مرشد آباد میں منعقد کئے گئے ایک پروگرام میں کولکاتہ سے ورچوئلی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کاگریس ہی ہے جو بی جے پی کے سامنے جھکتی ہے ۔ کانگریس سی پی ایم اوربی جے پی اقلیتوں کو ترنمول کے خلاف بھڑکا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ہوئے ضمنی الیکشن  میں ٹی ایم سی کو ایک اقلیتی اکثریتی سیٹ پر کانگریس نے جھٹکا دیا ہے ۔ کانگریس نے جیت درج  کی تھی ۔  ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ سدیپ بندو پادھیائے نے حالیہ دنوں میں کہا تھا کہ راہل گاندھی کے اپوزیشن کا چہرہ ہونے سے بی جے پی کو فائدہ ہوتا ہے۔