رام کی والدہ کے مندر کی تعمیر اگست کے تیسرے ہفتے میں شروع ہوگی: وزیر اعلی چھتیس گڑھ
چھتیس گڑھ، جولائی 30: وزیر اعلی بھوپش بگھیل نے رائے پور میں ہندو دیوتا رام کی ماں کوشلیہ کے قدیم مندر کی توسیع کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعلی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مندر کی تعمیر کا کام اگست کے تیسرے ہفتے سے شروع ہوگا۔
یہ اعلان 5 اگست کو اتر پردیش کے ایودھیا شہر میں رام مندر کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے پہلے سامنے آیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی خبر کے مطابق بگھیل اس منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے اپنے کنبے کے ساتھ چندھوری گاؤں کے مندر میں پہنچے، جس پر 15 کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔
انھوں نے کہا ’’چھتیس گڑھ بھگوان رام کا زچہ گھر ہے۔ انھوں نے اپنی جلاوطنی کے دوران چھتیس گڑھ میں ایک طویل عرصہ گزارا تھا۔ ریاستی حکومت رام ون گمن مارگ کو سیاحتی مقام کے طور پر تیار کررہی ہے۔‘‘
اس اقدام کو چھتیس گڑھ حکومت کے ذریعے اپنائے ہوئے نرم ہندوتوا موقف کے ایک حصے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اس ماہ کے شروع میں کانگریس حکومت نے کہا تھا کہ وہ کسانوں سے گائے کا گوبر خریدے گی، تاکہ اس سے نامیاتی کھاد بنائے اور اسے ’’گودھن نیایے یوجنا‘‘ کے تحت انھیں واپس بیچ دے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس فیصلے کا مذاق اڑاتے ہوئے یہ دعوی کیا تھا کہ نوجوانوں کو روزگار تلاش کرنے میں مدد کرنے کے بجائے چھتیس گڑھ کی حکومت انہیں گائے کا گوبر جمع کرنے پر مجبور کررہی ہے۔
تاہم آر ایس ایس نے اس اقدام کی تعریف کی اور اس کی حمایت کی تھی۔