راجستھان کے قرنطینہ مرکز میں خاتون کے ساتھ زیادتی کے الزام میں تین افراد گرفتار
جے پور، اپریل 27: اے این آئی کی خبر کے مطابق راجستھان پولیس نے اتوار کے روز سوائی مادھو پور ضلع میں قرنطینہ مرکز پر ایک عورت کے ساتھ زیادتی کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ یہ مبینہ واقعہ گذشتہ ہفتے اس وقت پیش آیا جب یہ خاتون بٹودہ کے علاقے میں ایک خالی اسکول کی عمارت میں تنہا تھی، جسے مقامی رہائشیوں نے عارضی کوویڈ 19 قرنطینہ مرکز میں تبدیل کردیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ شکایت 24 اپریل کو خاتون نے خود درج کی تھی، جس کے بعد یہ گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ خاتون کا طبی معائنہ کیا گیا ہے اور تینوں ملزمان کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔
ٹائمس آف انڈیا کے مطابق بٹودہ کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر سیتارام مینا نے بتایا کہ خاتون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ ایک ماہ سے سوائی مادھو پور میں پھنسی ہوئی تھی۔ آخر کار اس نے جے پور میں اپنے گھر جانے کا فیصلہ کیا۔ تاہم وہ کسی طرح اپنا راستہ کھو بیٹھی اور اس نے خود کو اس تھانہ کے علاقے کے ایک گاؤں میں پایا۔‘‘
مینا نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اس خاتون کو خالی سرکاری اسکول میں رہائش فراہم کی گئی تھی۔ مقامی حکام نے اس پر اعتراض کیا، لیکن دیہاتیوں نے کہا کہ انھیں خدشہ ہے کہ عورت کوویڈ 19 سے متاثر ہوسکتی ہے اور اسی وجہ سے وہ اس کو الگ تھلگ رکھنا چاہتے ہیں۔
ایک نامعلوم پولیس اہلکار نے اخبار کو بتایا کہ دیر رات گئے گاؤں کے تینوں ملزمان اسکول گئے اور اس کے ساتھ زیادتی کی۔ اہلکار نے مزید بتایا کہ پولیس اب معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔
دریں اثنا خاتون کو قرنطینہ مرکز میں منتقل کر دیا گیا ہے اور اس کا نمونہ کورونا وائرس کی جانچ کے لیے لے جایا گیا ہے۔
راجستھان میں اب تک 2،185 کورونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں 33 اموات بھی شامل ہیں۔ دریں اثنا ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 27،892 اور اموات کی تعداد 872 ہوگئی۔