راجستھان کی سابقہ وزیر اعلی وسندھرا راجے، ان کے بیٹے دشینت اور ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ ڈیرک اوبرائن رضاکارانہ طور پر قرنطینہ میں

نئی دہلی، مارچ 20: راجستھان کی سابقہ وزیر اعلی وسندھرا راجے، ان کے بیٹے دشینت، جو بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ہیں اور ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ ڈیرک او برائن، نے کورونا وائرس کے خوف سے خود کو سب سے الگ تھلگ کر لیا ہے۔

جمعہ کے روز بالی ووڈ گلوکارہ کنیکا کپور کا یہ بیان آنے کے بعد کہ انھوں نے ناول کورونا وائرس کے لیے مثبت تجربہ کیا ہے، انھوں نے اپنے قرنطینہ کا اعلان کیا۔ کنیکا بالی ووڈ کی پہلی مشہور شخصیت ہیں جنھوں نے کورونا وائرس کا مثبت تجربہ کیا ہے۔

وسندھرا اور ان کے بیٹے نے یہ فیصلہ لیا کیوں کہ ان دونوں نے حال ہی میں لکھنؤ میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی تھی، جہاں کنیکا کپور بھی موجود تھیں۔ کنیکا کپور، جو کچھ دن پہلے ہی لندن سے لوٹی تھیں، تقریب میں شرکت کے بعد بخار میں مبتلا ہوگئیں اور انھیں جمعہ کے روز کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا۔ اب وہ قرنطینہ اور طبی نگہداشت میں ہیں۔

ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ ڈیرک او برائن نے پارلیمنٹ کے جاری اجلاس میں دشینت کے برابر میں ڈھائی گھنٹے بیٹھے رہنے کے بعد خود کو قرنطین کرنے کا فیصلہ کیا۔ جمعہ کے روز انھوں نے ٹویٹ کیا ’’میں خود کو الگ تھلگ کر رہا ہوں اور تمام قواعد و ضوابط کی پیروی کر رہا ہوں، کیوں کہ میں 18 مارچ کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں ایم پی دوشینت کے پاس دو گھنٹے بیٹھا تھا۔‘‘

 

جمعرات کے روز دشینت سے ملاقات کے دوران سابق مرکزی وزیر انوپریا پٹیل اور کانگریس کے رہنما جتن پرساد بھی قرنطیہ میں ہیں۔ یہ دونوں رہنما راجستھان اور یوپی کے ممبران پارلیمنٹ کے اس وفد کا حصہ تھے، جنھوں نے بدھ کے روز صدر سے ملاقات کی۔

دریں اثنا انڈین یوتھ کانگریس نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’اگر ہندوستان میں داخل ہونے والے ہر شخص کی اسکریننگ کی گئی ہے تو مودی کی دوست کنیکا کپور کیسے حکام کے ذریعے شناخت کے بغیر برطانیہ سے یہاں پہنچیں؟ پارلیمنٹ میں جانے والے سیاستدانوں کے ساتھ پارٹی میں شریک ہوئیں۔ ایک لاپرواہی کا رد عمل مہلک ثابت ہوگا۔‘‘

اپنے ٹویٹر ہینڈل پر راجے نے کہا ’’انتہائی احتیاط کے طور پر میرے بیٹے اور میں نے فوری طور پر خود کو الگ تھلگ کرلیا ہے اور ہم تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں‘‘۔

 

دریں اثنا مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے جمعہ کے روز کہا کہ بالی ووڈ گلوکارہ کنیکا کپور کے کورونا وائرس کے مثبت تجربے کے بعد ان سے رابطے کرنے والوں کا سراغ لگانا شروع کر دیا گیا ہے۔

ہندوستان میں اب تک ناول کورونا وائرس کے تصدیق شدہ 206 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ اور اس سے 4 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔