راجستھان سیاسی بحران: ہائی کورٹ نے اسمبلی کے اسپیکر کو سچن پائلٹ اور کانگریس کے دیگر باغی اراکین اسمبلی کو جاری نا اہلی کے نوٹس پر کارروائی کرنے سے روکا
جے پور، جولائی 24: راجستھان ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز اسمبلی اسپیکر سی پی جوشی کو ہدایت کی کہ وہ سابق نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ اور کانگریس کے 18 باغی اراکین اسمبلی کے خلاف حتمی سماعت تک جاری کردہ نااہلی کے نوٹسز پر اپنی کارروائی موخر کردیں۔
عدالت کے حکم کے مطابق جوشی ممبران اسمبلی کو نااہل کرنے کے نوٹسز پر کارروائی نہیں کرسکیں گے، چاہے وہ نوٹس کے جوابات جمع کرنے میں ناکام ہوجائیں۔
یہ فیصلہ اس کے بعد سامنے آیا جب ہائی کورٹ نے اسپیکر کے ذریعہ انھیں جاری کردہ نوٹس کی توثیق کا فیصلہ کرنے کے لیے اس معاملے میں مرکز کو فریق بنانے کے لیے پائلٹ اور دیگر باغی اراکین اسمبلی کے ذریعے دائر درخواست کو قبول کر لیا۔
اراکین اسمبلی نے عدالت سے کہا کہ وہ اس معاملے میں مرکزی حکومت کو فریق کے طور پر شامل کریں کیونکہ اس میں آئین کے دسویں شیڈول کے جواز کو چیلنج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کے روز سپریم کورٹ نے اس معاملے میں مداخلت سے انکار کردیا تھا اور ہائی کورٹ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ نااہلی کے نوٹس کے خلاف باغی اراکین کی درخواست پر فیصلہ سنائے۔ اعلی عدالت نے اسپیکر کی اس درخواست کو مسترد کر دیا تھا کہ نااہلی کا عمل اسمبلی کی کارروائی کا حصہ ہے اور راجستھان ہائی کورٹ اس میں مداخلت نہیں کر سکتی۔
جسٹس ارون مشرا کی سربراہی میں تین ججوں کے بنچ نے کہا کہ بڑا سوال یہ ہے کہ کیا کسی قانون ساز کی ’’اختلاف رائے کی آواز‘‘ کو نااہلی کہہ کر دبایا جا سکتا ہے؟
تاہم سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ 27 جولائی کو دوبارہ کیس کی سماعت کرے گی اور ہائی کورٹ کا فیصلہ اس کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوگا۔