راجستھان سیاسی بحران: کانگریس کے رہنما احمد پیٹل کا کہنا ہے کہ گورنر ایک ’’خطرناک نظیر‘‘ قائم کر رہے ہیں
نئی دہلی، 29 جولائی: راجستھان کے گورنر اور اشوک گہلوت حکومت کے مابین اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے انعقاد پر جاری تنازعہ کے درمیان کانگریس کے سینئر رہنما احمد پٹیل نے کہا کہ گورنر کا یہ قدم ایک ’’خطرناک نظیر‘‘ قائم کرسکتا ہے۔
راجستھان کے گورنر کلراج مشرا کا نام لیے بغیر ان پر حملہ کرتے ہوئے کانگریس کے رہنما نے کہا ’’یہ شاید ہماری تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ ہم کسی گورنر کو منتخب وزیر اعلی کی مدد اور مشورے کے باوجود اسمبلی بلانے سے گریزاں دیکھ رہے ہیں۔‘‘
پٹیل نے خبردار کیا کہ اس سے آئینی تعطل پیدا ہوسکتا ہے اور ملک کی جمہوری تاریخ میں اس سے ایک بری مثال قائم ہوگی۔
انھوں نے کہا ’’اگر اس خطرناک نظیر کی اجازت دی گئی ہے تو اگر صدر جمہوریہ مرکزی کابینہ کی سفارش کے باوجود پارلیمنٹ کو طلب کرنے سے انکار کردے تو کیا ہوگا؟‘‘
پٹیل نے کہا کہ اگر اس کی اجازت دی گئی تو یہ انتشار پیدا کر سکتا ہے اور راجستھان کے گورنر کے موقف پر مرکزی حکومت کو متنبہ کیا۔
واضح رہے کہ آج گورنر نے تیسری بار اشوک گہلوت کی اسمبلی بلانے کی درخواست واپس کر دی۔