دیکھو مجھے جو دیدۂ عبرت نگاہ ہو

نک وِجائیس:ہاتھ پیر سے محرومی ،پر جوش زندگی میں رکاوٹ نہیں

 

جب وہ پیدا ہوا تو اس کی ماں نے اسے دیکھ کر منہ پھیر لیا کیونکہ نہ صرف وہ دونوں ہاتھوں، پاؤں سے محروم تھا بلکہ سرے سے اس کی ٹانگیں اور بازو ہی موجود نہ تھے۔ اس وقت اس کی عمر 38سال ہے۔ سوچیے کہ اس نے زندگی کے 38برس بغیر ٹانگوں، بازوؤں اور بغیر ہاتھوں، پاؤں کے کیسے گزارے ہوں گے اور وہ آج کس حالت میں ہوگا؟
اگر آپ آسٹریلیا میں پیدا ہونے والے اس شخص کی زندگی کی داستان پڑھیں گے تو آپ کے سارے گلے شکوے، تمام بہانے، سب شکایتیں، ہَوا ہو جائیں گے اور ہمارا سر بھی شرم سے جھک جائے گا۔ کیونکہ وہ اپنے آدھے ادھورے جسم کے باوجود ایک مکمل اور بھر پور زندگی جی رہا ہے بلکہ کروڑوں بجھی آنکھوں میں امید کی روشنی اور مایوس دلوں میں جوش کی آگ بھڑکا رہا ہے۔
یہ سات کتابوں کا مصنف ہے اور اس کی اکثر کتابیں نیویارک بیسٹ سیلر فہرست کا حصہ بنی ہیں۔
اس کی کتابوں کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگائیے کہ یہ کتابیں دنیا کی چالیس سے زائد زبانوں میں ترجمہ ہو چکی ہیں.وہ دنیا کے دس سب سے بہترین موٹیویشنل اسپیکرز میں سے بھی ایک ہے اور TED سمیت ہر قابلِ ذکر فورم پر اپنی گفتگو کے ذریعے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بدل چکا ہے۔ اس کے منہ سے نکلنے والا ہر لفظ امید اور زندگی سے بھر پور ہوتا ہے۔ اپنی تقریری سرگرمیوں کے سلسلے میں وہ آدھی سے زیادہ دنیا گھوم چکا ہے۔
اس نے 2005میں "Life without Limbs” اور 2007 میں "Altitude is Altitude”کے نام سے ٹریننگ کے ادارے بنائے جہاں وہ کاروباری اداروں، افراد اور دنیا کی مختلف حکومتوں کے اہلکاروں کو کامیابی کے گُر سکھاتا ہے۔
اس کا میڈیا سے بھی گہرا تعلق ہے، ہر قابِل ذکر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس کے لاکھوں فالوورز ہیں جنہیں وہ اپنی گفتگو، ویڈیوز اور تحریروں کے ذریعے بہتر اور خوشحال زندگی جینے کی ترغیب دیتا رہتا ہے.BBC, CNN, CNBC سمیت دنیا بھر کے معتبر ترین ٹی وی چینلز اس کے انٹرویوز نشر کرتے رہتے ہیں۔اپنی جسمانی معذوری کو اس نے اپنے شوق کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔ وہ فارغ اوقات میں فٹ بال کھیلتا ہے، تیراکی کرتا ہے، کشتی چلاتا ہے اور پیراشوٹ کے ذریعے ہوا بازی بھی کرتا ہے، اسے پہاڑوں پر چڑھنے کا بھی شوق ہے اور وہ سمندری لہروں پر سرفنگ بھی کرتا ہے۔ اس نے محبت بھی کی اور شادی بھی کی۔ اس کی بیوی ایک خوبصورت آسٹریلوی ماڈل ہے۔ ان دونوں کے چار ہنستے کھیلتے خوبصورت بچے ہیں۔ یہ اپنی خوبصورت بیوی اور بچوں کے ساتھ کیلیفورنیا، امریکہ میں اپنے عالی شان گھر میں اپنی من پسند زندگی گزار رہا ہے۔
اس شخص کا نام Nick Vujicic ہے۔ اپنے پورے جسم کے ساتھ اپنی ’’ادھوری‘‘ زندگی پر رونے اور بین کرنے والو! اس کی ادھورے جسم کے ساتھ ’’پوری‘‘ زندگی کو بغور دیکھو یہ آپ کو جینے کا ہُنر اور حوصلہ عطا کرے گی۔

مشمولہ: ہفت روزہ دعوت، نئی دلی، شمارہ 10 جنوری تا 16 جنوری 2021