دہلی 23 مارچ صبح 6 بجے سے لے کر 31 مارچ رات 12 بجے تک لاک ڈاؤن، تمام ٹرینیں اور پروازیں معطل

نئی دہلی، مارچ 22: مہلک کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے نتیجے میں دہلی کو 31 مارچ تک مکمل طور پر لاک ڈاؤن رکھنے کا علان کیا گیا ہے۔ اپنی مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر اعلی اروند کیجریوال اور لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل نے اس فیصلے کا اعلان کیا۔

تمام دکانیں، دفاتر اور بازار بند رہیں گے۔ دیگر ریاستوں سے متصل دہلی کے بارڈرز کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ انٹراسٹیٹ بسیں، ٹرینیں، میٹرو معطل رہیں گی۔ کیجریوال نے کہا کہ تمام ملکی اور بین الاقوامی پروازیں بھی معطل کردی گئی ہیں۔

کسی بھی پبلک ٹرانسپورٹ خدمات بشمول نجی بسوں، ٹیکسیوں، آٹو رکشہ، رکشہ اور ای رکشہ وغیرہ کے چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ صرف 25 فی صد ڈی ٹی سی بسیں ضروری خدمات میں مصروف اہلکاروں کے لیے خدمات انجام دیں گی۔

ڈیری، گھریلو اشیاے خوردنی کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز اور پیٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ نجی شعبے کے تمام ملازمین، مستقل اور معاہدہ بند، دونوں کے لیے لازمی تنخواہ کی چھٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ کیجریوال نے کہا ’’تمام نجی اداروں کو لاک ڈاؤن کے دوران ملازمین کو پوری تنخواہ ادا کرنی ہوگی۔‘‘

دریں اثنا دہلی پولیس نے پوری دہلی میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے، 5 یا زیادہ لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

دہلی پولیس کے پی آر او نے کہا ’’تمام اسمبلیوں / مظاہروں / جلوسوں پر پابندی عائد ہے۔ تمام اجتماعات معاشرتی / ثقافتی / سیاسی / مذہبی / تعلیمی / کھیلوں کے پروگرام / سیمینار پر پابندی عائد ہے۔ ہفتہ وار مارکیٹوں میں سوائے سبزیوں / پھلوں اور ضروری اشیا کے، تمام مارکیٹ بند رہیں گے۔ پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعہ کسی گائڈڈ گروپ ٹور کی اجازت بھی نہیں ہے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس پھیلنے کے بعد 22 مارچ، شام 9 بجے سے 31 مارچ کی درمیانی رات تک دہلی میں سی آر پی سی کی دفعہ 144 نافذ کی جائے گی۔

ادھر دہلی کی ہمسایہ ریاست اتر پردیش نے بھی اپنے 15 اضلاع کو بند کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ وزیر یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ یہ لاک ڈاؤن 23 مارچ سے 15 اضلاع یعنی آگرہ، لکھنؤ، گوتم بدھ نگر، غازی آباد، مراد آباد، وارانسی، لکھیم پور کھیری، بریلی، اعظم گڑھ، کانپور، میرٹھ، پریاگ راج، علی گڑھ، گورکھپور اور سہارن پور میں نافذ رہے گا۔

اتوار کے روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ واقعات 341 تک پہنچ گئے جب کہ دن میں تین اموات بھی ہوئیں، جس سے بعد قومی سطح پر اس سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہو گئی۔