دہلی کے قریب اتر پردیش کے ضلع میں بڑے اجتماعات پر پابندی میں 30 اپریل تک توسیع
دہلی، اپریل 5: کورونا وائرس کے معاملات میں اضافے کے درمیان دہلی کے قریب اترپردیش کے گوتم بدھ نگر ضلع میں بڑے اجتماعات پر پابندی 30 اپریل تک بڑھا دی گئی ہے۔ نوئیڈا۔ گریٹر نوئیڈا اسی ضلع کا ایک حصہ ہیں جہاں اب تک 55 کیس درج ہوئے ہیں، جو یوپی کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔
نوئیڈا کو بھی مرکز کے ذریعہ ملک میں COVID-19 کے ہاٹ سپاٹ کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے آج سہ پہر ایک نوٹس میں اجتماعات پر پابندی میں توسیع کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس مہینے کے آخر تک تمام سیاسی، ثقافتی، مذہبی، کھیلوں سے متعلق نمائشوں، جلسوں اور جلوسوں پر مشتمل دیگر تقریبات پر پابندی عائد ہے۔
نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ ’’مرکز نے 14 اپریل تک ملک گیر لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ حکومتی سطح کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر بھی اس سلسلے میں تفصیلی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ کورونا وائرس سے تحفظ اور عوامی صحت کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت دفعہ 144 فوجداری ضابطہ اخلاق کے تحت 05.04.2020 تک ایک پابندی کا حکم منظور کیا گیا تھا، جسے اب بڑھا کر 30 اپریل 2020 تک کر دیا گیا ہے۔‘‘
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تعزیرات ہند کی دفعہ 188 کے تحت سزا دی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے تمام تعلیمی اداروں کو بھی لاک ڈاؤن کے دوران طلبا سے فیس وصول نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
نیم فوجی دستوں اور پولیس اہلکاروں کو نوئیڈا کی سڑکوں پر دیکھا گیا ہے، وہ لاؤڈ اسپیکر پر اعلانات کر رہے ہیں اور لوگوں کو گھر کے اندر ہی رہنے کے لیے کہہ رہے ہیں۔
اتر پردیش میں اب تک 227 کوویڈ 19 واقعات درج ہوئے، جن میں دو اموات بھی شامل ہیں۔ وہیں ملک بھر میں وزارت صحت کے مطابق کوورونا وائرس کے معاملات کی تعداد بڑھ کر 3،374 ہوگئی ہے، جن میں 77 کی اموات بھی شامل ہیں۔