دہلی پولیس نے گوہاٹی سنٹرل جیل میں قید شرجیل امام کو اپنی تحویل میں لیا
گوہاٹی، جولائی 19: دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے ہفتہ کے روز جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے طالب علم رہنما شرجیل امام کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
دہلی پولیس کی ایک ٹیم شرجیل کو گوہاٹی سنٹرل جیل سے ہفتہ کے روز دہلی لائی۔ ٹیم جمعہ کو گوہاٹی پہنچی تھی، جہاں شرجیل امام غداری کے مقدمے میں گوہاٹی سنٹرل جیل میں قید تھے۔
جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے (جے این یو) سنٹر برائے تاریخی علوم میں پی ایچ ڈی کے طالب علم شرجیل امام پر شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہروں کے دوران کی جانے والی ان کی مبینہ اشتعال انگیز تقاریر کی بنیاد پر یو اے پی اے سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔