دہلی نے اپنی سرحدیں کھولیں، دہلی کے اسپتال صرف مقامی لوگوں کے لیے مختص
نئی دہلی، 8 جون: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ پیر سے شہر کی سرحدیں دوبارہ کھول دی جائیں گی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ دہلی حکومت اور نجی اداروں کے ذریعہ چلائے جانے والے اسپتال کوویڈ 19 بحران کے دوران دہلی والوں کا ہی علاج کریں گے۔
ہوٹل اب بھی بند رہیں گے۔
کیجریوال نے کہا ’’مال، ریستوراں اور مذہبی مقامات کھلیں گے، لیکن ہوٹل اور ہال بند رہیں گے کیوں کہ آنے والے وقت میں ہمیں انھیں اسپتالوں میں تبدیل کرنے کی ضرورت پڑسکتی ہے۔‘‘
آن لائن میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ مرکز کے تحت چلائے جانے والے اسپتالوں میں اس طرح کی کوئی پابندی نہیں ہوگی اور اگر دیگر ریاستوں کے لوگ مخصوص سرجریوں کے لیے دارالحکومت آتے ہیں تو وہ نجی اسپتالوں میں طبی علاج حاصل کرسکتے ہیں۔
دارالحکومت میں دہلی حکومت کے زیر انتظام 40 کے قریب اسپتال ہیں، جن میں ایل این جے پی اسپتال، جی ٹی بی اسپتال اور راجیو گاندھی سپر اسپیشلیٹی اسپتال شامل ہیں۔ شہر میں مرکزی حکومت کے زیر انتظام چلنے والے بڑے اسپتالوں میں آر ایم ایل ہسپتال، ایمس اور صفدرجنگ اسپتال شامل ہیں۔
کیجریوال نے کہا کہ دہلی حکومت سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور ماسک پہننے جیسے ہدایات پر مکمل عمل درآمد کرے گی۔