دہلی: مہاجر مزدوروں پر جراثیم کُش دواؤں کا چھڑکاو، میونسپل کارپوریشن نے اسے ’’غلطی‘‘ قرار دیا

نئی دہلی، 23 مئی: جمعہ کے روز تارکین وطن مزدوروں کے ایک گروپ پر، جو لاجپت نگر اسکول کے باہر صحت کی جانچ کے لیے منتظر تھے، ایک شہری انتظامیہ کے کارکن کے ذریعے ایک جراثیم کش دوا اسپرے کیا گیا۔

جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن نے بعد میں کہا کہ یہ ’’غلطی‘‘ سے ہوا ہے کیوں کہ کارکن جیٹنگ مشین کا دباؤ نہیں سنبھال سکا تھا اور موقع پر موجود اس کے اہلکار نے عوام سے ’’معذرت‘‘ کی تھی۔

شارمک اسپیشل ٹرین میں سوار ہونے سے پہلے لاجپت نگر-3 میں اسکریننگ کے لیے ہیمو کلانی سینئر سیکنڈری اسکول کے باہر سیکڑوں تارکین وطن مزدور جمع ہوئے تھے۔

اس واقعے کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر پھیلی، جس میں صفائی مہم میں مصروف کارکن کو وہاں موجود کچھ تارکین وطن کارکنوں پر جراثیم کش دوا چھڑکتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ایس ڈی ایم سی نے اپنے بیان میں کہا ’’چوں کہ اسکول رہائشی کالونی میں ہے ، اس لیے کمپاؤنڈ اور سڑک پر جراثیم کش دوا کے چھڑکاؤ کا رہائشیوں کی طرف سے زبردست مطالبہ کیا گیا تھا۔ لیکن جیٹنگ مشین کے دباؤ کی وجہ سے کارکن کچھ لمحوں تک اس کا درست انتظام نہیں کرسکا۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے ’’عملے کو پہلے ہی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مستقبل میں کام کرتے ہوئے زیادہ احتیاط اور دھیان سے کام لیں۔ سائٹ پر موجود اہلکار نے عوام سے معافی مانگی ہے۔‘‘