دہلی فسادات کے دوران ایک 85 سالہ مسلم خاتون کے قتل کے ملزم 4 افراد کی ضمانت کی درخواست کو عدالت نے مسترد کیا
نئی دہلی، اگست 8: رواں سال فروری میں ہونے والے دہلی فسادات کے دوران ایک 85 سالہ مسلم خاتون کو قتل کرنے کے ملزم چار افراد کی ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے ایک ٹرائل کورٹ نے موقف اختیار کیا کہ یہ ظاہر ہے کہ وہ اس ’’پرتشدد ہجوم‘‘ کا حصہ تھے جس نے متاثرہ کے گھر کو نشانہ بنایا۔
ایڈیشنل سیشن جج ونود یادو نے گواہوں اور الیکٹرانک شواہد کے بنیاد پر یہ مشاہدہ کیا کہ مہلک ہتھیاروں سے لیس ہجوم متاثرہ کے گھر میں توڑ پھوڑ، لوٹ مار اور گھر کو نذر آتش کرنے میں ملوث تھا۔
جج نے اپنے حکم میں کہا ’’سب سے پہلے گواہوں کے بیانات کا بغور جائزہ لینے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مذکورہ بالا چاروں ملزمان غیرقانونی ہجوم کا حصہ تھے، جس نے لوٹ مار کا ارتکاب کرنے کے بعد متاثرہ کے گھر کو آگ لگا دی تھی۔‘‘
استغاثہ کے الزامات کے مطابق چار ملزمین، پرکاش چند، ارون کمار، روی کمار اور سورج سنگھ ایک غیر قانونی اسمبلی کا حصہ تھے جو 25 فروری کو متاثرہ کے گھر میں داخل ہوا۔
صبح 11 بجے جب متاثرہ خاتون کا بیٹا محمد سعید سلمانی گھر پر نہیں تھا، مشتعل افراد مبینہ طور پر اس گھر میں داخل ہوئے جہاں ایک گارمنٹس کی فیکٹری بھی چل رہی تھی۔ اور انھوں نے گھر میں لوٹ مار کے بعد گھر میں آگ لگا دی۔