دہلی: سیلم پور میں شہریت قانون کے خلاف احتجاج کر رہے مظاہرین پر لاٹھی چارج، پولس نے داغے آنسو گیس کے گولے

نئی دہلی: شہریت ترمیم  قانون کو لے کرمظاہرہ کے دوران دہلی کے سیلم پور اورجعفرآباد علاقے میں پولیس اورمظاہرین کے بیچ جھڑپ ہو گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مظاہرین  نے بسوں پر پتھراؤ کیا ہے۔ حالات کو دیکھتے ہوئے  علاقے میں ویلکم، جعفرآباد موضع پور کے میٹرو اسٹیشن کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔

خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق مظاہرین  نے کئی بسوں میں توڑ پھوڑ اور آگ زنی کی ہے۔ پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لیے آنسو گیس کے گولے چھوڑےہیں۔ اس بارے  میں ایک سینئر پولیس افسرنے بتایا کہ سیلم پور ٹی پوائنٹ پر لوگ جمع  ہوئے اور دوپہر تقریباً بارہ بجے مظاہرہ شروع ہوا۔مظاہرین  نے شہریت ترمیم قانون، این آرسی اور سرکار کے خلاف نعرے لگائے۔

خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق دہلی پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ شروعات میں مظاہرہ پرامن تھا ۔ لیکن اچانک یہ متشدد ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق مظاہرین نے اس دوران پولیس چوکی کو بھی آگ کے حوالے کر دیا۔ کئی بسوں میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ اس میں کئی پولیس اہلکارزخمی  ہو گئے۔ پورے علاقے میں فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ حالات پر قابو پانے کے لیے پولیس ڈرون کا بھی استعمال کر رہی ہے۔

قابل ذکر ہےکہ جعفرآباد تھانے کے باہر بھی مظاہرہ  ہوا اور پولیس کے خلاف نعرے لگائے گئے۔

(ایجنسیاں)