دہلی اقلیتی کمیشن نے پولیس سے مسلمانوں کی لنچنگ اور معاشی بائیکاٹ کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا
نئی دہلی، اپریل 9 — مجرموں کے خلاف انکوائری اور مناسب کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دہلی اقلیتی کمیشن نے دہلی کے پولیس کمشنر ایس این سریواستو کو دو نوٹس بھیجے ہیں۔ ایک شاستری نگر کالونی میں مسلمانوں کا معاشی بائیکاٹ کرنے کے منصوبے کے بارے میں اور دوسرا مغربی دہلی کے بوانا تھانے کے تحت واقع ایک گاؤں کے ایک مسلم نوجوان کی لنچنگ کے الزام میں۔
کمیشن نے دو ہفتوں میں پولیس انکوائری کی رپورٹ طلب کی ہے۔
کمیشن نے اپنے نوٹس میں دہلی کے شاستری نگر کی ایک ویڈیو منسلک کی ہے جو 5 اپریل کے آپ پاس ریکارڈ کی گئی ہے، اس میں دکھایا گیا تھا کہ موجودہ کوویڈ 19 پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لوگوں کے ایک گروپ نے سڑک پر ایک اجلاس منعقد کیا ہے۔ وہ مسلم ہاکروں کو اپنی کالونی میں داخل ہونے سے روکنے اور دوسری کالونیوں کے لوگوں سے بھی ایسا کرنے کو کہتے ہیں۔ کچھ چہرے اور علاقے بہت واضح اور صاف دکھائی رہے ہیں۔
کمیشن نے اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ ویڈیو میں یہ اجتماع آئی پی سی سیکشن 120 بی (مجرمانہ سازش)، 153 (فسادات پیدا کرنے کے ارادے سے اشتعال انگیزی)، 153 اے (مذہب، نسل، جاے پیدائش کی بنیاد پر مختلف گروہوں کے مابین دشمنی کو فروغ دینا) کے تحت کارروائی کا حق دار ہے۔ کمیشن نے اپنے نوٹس میں مزید کہا کہ اجلاس میں دکھائی دینے والے افراد بھی اس میٹنگ کے انعقاد کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے سیکشن 51 کی خلاف ورزی کر رہے ہیں کیونکہ یہ موجودہ لاک ڈاؤن آرڈر کے خلاف ہے۔
ویڈیو میں اس گروپ کو ایک فوری مثال دیتے ہوئے دیکھا گیا ہے جب وہ دو پھل اور سبزی فروشوں کو اپنی کالونی میں داخل ہونے سے روکتے ہیں اور دھمکی دیتے ہیں کہ اگر یہ ظاہر کرنے کے لیے کہ وہ مسلمان نہیں ہیں، آدھار کارڈ کے بغیر داخل نہیں ہو سکتے۔
ایک اور نوٹس میں کمیشن نے دہلی پولیس کمشنر کو آگاہ کیا کہ میڈیا ٹرائل اور متعلقہ حکام کی عدم فعالیت کے نتیجے میں دہلی میں نفرت انگیز جرائم عام ہو رہے ہیں۔ اس کی تازہ مثال 6 اپریل سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو ہے۔ اس میں ہم دیکھتے ہیں کہ ایک دیہی علاقے میں ایک مسلمان نوجوان کو کچھ لوگوں نے بے رحمی سے مارا پیٹا۔ کمیشن کی انکوائریوں سے ثابت ہوا ہے کہ یہ واقعہ شمال مغربی دہلی کے پی ایس بونا انڈسٹریل ایریا کے تحت گاؤں ہریوالی کا ہے۔ متاثرہ نوجوان محبوب نام کا ہے، جو پیشہ سے ٹریکٹر ڈرائیور ہے۔ کچھ اطلاعات میں اس کا ذکر دلشاد کے نام سے ہوا ہے۔
قریبی قطب گڑھ گاؤں کے ایک اور نوجوان کے ساتھ، جو مدھیہ پردیش کے بھوپال میں تبلیغی کانفرنس میں گیا تھا۔ واپسی پر اسے 5 اپریل کو پولیس نے اس کے گاؤں چھوڑ دیا تھا، لیکن گاؤں کے "جاٹوں” نے اسے گاؤں میں داخل نہیں ہونے دیا تھا۔ انھوں نے اسے کھیت میں گھیر لیا اور اسے چپل، لاٹھی اور ڈنڈوں سے پیٹنا شروع کردیا، اسے شدید زخمی کردیا، یہاں تک کہ اس کے بازو توڑ دیے، جب کہ اس کے اہل خانہ بے بس ہوکر دیکھ رہے تھے۔ کمیشن کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حملہ آوروں میں کچھ سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ جب حملہ آوروں نے دیکھا کہ محبوب عرف دلشاد گرنے اور مرنے والا ہے تو انھوں نے ایک ایمبولینس طلب کی اور ایک ایسی کہانی گڑھی کہ محبوب سڑک حادثے کا شکار ہوا ہے۔ متاثرہ شخص کو کسی اسپتال لے جایا گیا جس نے اسے روہنی میں واقع امبیڈکر اسپتال ریفر کر دیا جس نے اسے ایک اور اسپتال ریفر کردیا۔ 7 اپریل تک اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی تھی اور اس کے دو تین حملہ آوروں نے اس کی حفاظت کی تھی تاکہ وہ انھیں ملوث کرنے والی کوئی بات نہ کہے۔ محبوب کے کنبہ پر دباؤ ہے کہ وہ سمجھوتہ کرے اور مسئلہ کو دبائے۔
نوٹس میں پولیس کمشنر کو آگاہ کیا گیا ہے کہ "جاٹ” برادری کے لوگ دو دیہات (ہریوالی اور قطب گڑھ) میں مسلم اقلیت سے کہہ رہے ہیں کہ اب سے انھیں ہندو رسم و رواج کے مطابق زندگی گزارنا چاہیے، بصورت دیگر انھیں گاؤں سے باہر پھینک دیا جائے گا۔ ان دونوں گاؤں کے مسلمانوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر وہ پولیس میں شکایت کریں گے تو انھیں کچل کر گاؤں سے نکال دیا جائے گا۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ 6 اپریل کو بوانا چوک مسجد کے امام مولانا محمد ایوب پر بھی حملہ کرنے اور اس کے گھر میں توڑ پھوڑ کرنے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن پولیس کی بروقت مداخلت نے انھیں بچا لیا۔ بوانا جے جے کالونی میں ایک مسجد پر بھی حملہ کرنے کی ناکام کوشش کی گئی۔
کمیشن نے اپنے نوٹس میں مزید کہا کہ ’’یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ بالخصوص شمال مغربی ضلعے میں مسلم اقلیتی آبادی کو فی الحال ایک مشکل وقت درپیش ہے۔ انھیں آپ کی طرف سے یقین دہانی کی ضرورت ہے جب کہ شرپسندوں کو یہ پیغام بھیجنا چاہیے کہ ان سے سختی سے نمٹا جائے گا اور اس طرح کے سلوک کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘‘
کمیشن نے پولیس کمشنر سے کہا کہ وہ ہریوالی گاؤں میں محبوب پر حملے کے ذمہ دار گروہ کے خلاف مناسب کاروائی کا حکم دے اور قطب گڑھ گاؤں میں نور محمد پر حملہ آوروں کے ساتھ بھی اسی طرح کا سلوک کیا جائے۔