دہلی: اروند کیجریوال اتوار کو رام لیلا میدان میں دہلی کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے لیں گے حلف
نئی دہلی، فروری 12— اروند کیجریوال، جن کی عام آدمی پارٹی (عآپ) حیران کن فتح کے ساتھ اقتدار میں واپس آئی، اتوار کے روز مسلسل تیسری بار وزیر اعلی کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
حلف برداری کی تقریب رام لیلا گراؤنڈ میں ہوگی۔
یہ اعلان کیجریوال کی آج صبح دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل سے ملاقات کے بعد کیا گیا۔کیجریوال کی رہائش گاہ پر منعقدہ میٹنگ میں عآپ کے قانون سازوں کے ذریعے دہلی اسمبلی میں عآپ کا لیڈر منتخب ہونے کے بعد کیجریوال نے لیفٹننٹ گورنر سے ملاقات کی۔
عآپ نے دہلی اسمبلی میں 70 میں سے 62 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جس میں ووٹوں کا کل حصہ 53.57 فیصد ہے۔
باقی آٹھ نشستوں پر بی جے پی فتح یاب ہوئی، جس نے کل ووٹوں کا 38.51 فیصد حاصل کیا۔
تاہم کانگریس ایک بھی نشست جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی اور اس کا اختتام 4.26 فیصد ووٹ شیئر پر ہوا۔
فتح کے بعد کجریوال نے یہ کہتے ہوئے دہلی کے رائے دہندگان کا شکریہ ادا کیا کہ "دلی والو! غضب کر دیا آپ نے، آئی لو یو‘‘۔
انھوں نے کہا کہ یہ ملک میں ایک نئی قسم کی سیاست کا آغاز ہے۔ کیجریوال نے کہا "یہ کام کی سیاست ہے جو 21 ویں صدی میں ہمارے ملک کو نئی بلندیوں پر لے جاسکتی ہے۔”
سسیودیا، راگھو چڈھا، آتشی، گوپال رائے اور ستیندر جین سمیت آپ کے 11 بڑے ناموں نے بھی فتح حاصل کی۔ اوکھلا سے عآپ کے امیدوار امانت اللہ نے بہت بڑے فرق سے جیت حاصل کی۔