دہلی:چوری کے شبہ میں 17 سالہ لڑکے کو کھمبے سے باندھ کرپٹائی ، موت،2 گرفتار

نئی دہلی ،19 مئی :۔

دہلی میں ایک بار پھر ہجومی تشدد کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔جہاں ایک 17 سالہ لڑکے کو بجلی کے کھمبے سے باندھ کر پٹائی کی گئی ۔رپورٹ کے مطابق  یہ واقعہ دہلی کے شاہدرہ میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق شاہدرہ میں ہجوم کی جانب سے 17 سالہ لڑکے کو کھمبے سے باندھ کر مار پیٹ  کی گئی ۔اس معاملے میں   ایک دن بعد دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔کلیم (35) اور سمیر (21) کو دہلی پولیس نے اس کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔انڈین ایکسپریس کے مطابق، مقتول کے پسماندگان میں اس کی ماں اور 21 سالہ بھائی ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق 17 سالہ لڑکے کو ہجوم نے چوری کے شبہ میں تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس سے اس کی موت ہو گئی ۔ رپورٹ کے مطابق  متاثرہ لڑکے کے چچا نے بتایا کہ”وہ ہمارے لیے نوڈلز اور اسنیکس خریدنے گیا تھا۔ اس نے ہمیں بتایا کہ وہ ایک دوست کے ساتھ جائے گا۔ وہ کسی کے گھر میں گھس کر چوری کیوں کرے گا؟ ملزمان نے علاقے میں  اپنا رعب جمانے    کے لیے ہمارے لڑکے کو قتل کیا۔

سینئر افسران نے بتایا کہ اگرچہ پولیس نے ابتدائی طور پر یہ قیاس کیا تھا کہ لڑکے کا قتل مشتبہ چوری کی وجہ سے ہوا ہے، لیکن وہ فی الحال تحقیقات کر رہے ہیں  ۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق  ایک افسر نے بتایا کہ”ہمیں واقعات کی صحیح ترتیب کے بارے میں یقین نہیں ہے۔ ہم پوسٹ مارٹم رپورٹ کی بنیاد پر ایف آئی آر میں دیگر سخت حصے شامل کر سکتے ہیں ۔ افسر نے مزید کہا کہ لڑکے کی ٹانگیں زخمی تھیں اور اس کے بال بھی کاٹے گئے تھے۔