جموں و کشمیر میں تیز رفتار موبائل انٹرنیٹ پر پابندی 8 جنوری تک بڑھائی گئی
سرینگر (جموں وکشمیر)، دسمبر 26: جموں و کشمیر میں فور جی انٹرنیٹ خدمات پر پابندی کو 8 جنوری تک بڑھا دیا گیا ہے۔ یہ بات جمعہ کو مرکزی علاقے کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم میں بتائی گئی۔
حکومت جموں و کشمیرکی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’گندربل اور ادھم پور کے علاوہ خطے میں انٹرنیٹ کی رفتار کو 2 جی تک محدود رکھا جائے گا۔‘‘
اس میں مزید کہا گیا ہے ’’مذکورہ بالا ہدایات 26 دسمبر 2020 سے نافذ ہوں گی اور 8 جنوری 2021 تک نافذ رہیں گی، بشرطے کہ پہلے اس میں تبدیلی نہ کی جائے۔‘‘
حکم نامے کے مطابق ایک بڑی تعداد میں دہشت گرد سرحد پار سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے اور تیز رفتار انٹرنیٹ پر پابندی لگانے سے ان کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کے بعد خطے میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جموں و کشمیر میں موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل کردی گئی تھیں۔ تاہم بعد میں انٹرنیٹ خدمات جاری کی گئیں لیکن تیز رفتار انٹرنیٹ پر اب بھی پابندی برقرار ہے۔