’’جب کسی بچے کو تکلیف ہوتی ہے تو ماں قرض نہیں دیتی ہے: راہل گاندھی نے مرکز کو اس کے لاک ڈاؤن پیکج کے تقسیم پر تنقید کا نشانہ بنایا
نئی دہلی، مئی 16: حال ہی میں اعلان کردہ نریندر مودی حکومت کے ’’خود انحصار‘‘ پیکیج پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے کہا کہ کسانوں اور تارکین وطن مزدوروں کو قرضوں کی نہیں بلکہ نقد روپیوں کی ضرورت ہے۔
راہل گاندھی نے کہا ’’وہ تکلیف میں ہیں۔ حکومت ہند اور مدر انڈیا ساہوکار (قرض دہندہ) نہیں ہوسکتی۔‘‘ انھوں نے ایک بار پھر حکومت سے اپیل کی کہ کانگریس پارٹی کی ایم ایس ایم ای پیکج اور این وائی اے وائی اسکیم کی تجویز پر غور کیا جائے، جس کا مقصد غریب ترین خاندانوں میں نقد رقم بانٹنا ہے۔ مسٹر گاندھی نے یہ بھی کہا کہ حکومت کے ذریعہ اعلان کردہ پیکیج صرف قرضوں کی پیش کش کرتا ہے اور اس سے غریبوں کے مطالبات کا حل نہیں کیا جا سکتا، اس کے لیے ہمیں براہ راست نقد رقم منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔
راہل گاندھی نے کہا ’’جب کسی بچے کو تکلیف ہوتی ہے تو ماں اپنے بچوں کی حفاظت کرتی ہے۔ وہ انھیں قرض نہیں دیتی۔ یہی بات مجھے ایک شہری کی حیثیت سے تکلیف دیتی ہے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے لوگوں کو بغیر کھانے کے شاہراہوں پر چلتے ہوئے دیکھنا دل دہلا دینے والا منظر ہے۔ انھوں نے تارکین وطن مزدوروں کو پیش آنے والے متعدد سانحات پر تعزیت بھی پیش کی۔