جبل پور کا ایک کسان پولیس کے ذریعے زدوکوب کیے جانے سے ہلاک، 6 اہلکار معطل

مدھیہ پردیش، اپرل 21: ضلع جبل پور میں لاک ڈاؤن آرڈرز کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس کی طرف سے مبینہ طور پر پیٹنے کے چار دن بعد مدھیہ پردیش کے ایک اسپتال میں ایک کسان کی موت ہوگئی۔

بنسی کشواہا نام کے 50 سالہ کسان کو مبینہ طور پر اس وقت پیٹا گیا تھا جب وہ اپنی گائے کو تلھاری علاقے کے کھیتوں میں تلاش کررہا تھا۔

ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنجیو اوئیک نے بتایا کہ کسان کے ذریعے نامزد 6 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے عہدے کا ایک اہلکار اس معاملے کی مزید تفتیش کرے گا۔

پولیس نے بتایا کہ کسان نے مقامی پولیس یا اعلی حکام کے پاس شکایت درج نہیں کی تھی۔ ’’ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کسان کو 19 اپریل کو ایک بیماری کے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ اس کے پوسٹ مارٹم رپورٹس کا انتظار ہے۔‘‘

کسان کی ویڈیو کو ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے ریاست کے سابق وزیر اعلی ککمل ناتھ نے اس واقعے کو ’’ظالمانہ اور وحشیانہ‘‘ قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

انھوں نے لکھا ’’جبل پور میں بنسی کشواہا نامی ایک 50 سالہ کسان کو شیوراج حکومت کی پولیس نے بے دردی سے پیٹا، جب وہ اپنے کھیتوں سے ایک گائے کو پانی پلانے اور پانی دینے کے بعد واپس آرہا تھا۔ لاک ڈاؤن کی پیروی کی جانی ہے، لیکن جب کوئی کسان چارہ پانی کے ساتھ اپنی بھوکی پیاسی گائے کے پاس گھر لوٹ رہا ہو، تو اس کی وجہ جانے بغیر اسے بے رحمی سے پیٹنا- یہ ظلم اور بربریت ہے۔‘‘

واضح رہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے درمیان پولیس کی زیادتیوں کے ایسے ہی کئی واقعات حال ہی میں متعدد مقامات سے موصول ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے مطابق اترپردیش کے بدایوں میں ایک پولیس کانسٹیبل کو پیر کے روز ایک کسان کے بیٹے اور بیٹیوں کو پیٹنے کے الزام میں معطل کردیا گیا۔