جامعہ تشدد: انڈین یونین مسلم لیگ کے ممبران پارلیمنٹ نے تحریک التوا کا نوٹس بھیجا

نئی دہلی، فروری 11— انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) کے ممبران پارلیمنٹ نے منگل کو جامعہ ملیہ مظاہرین کے خلاف پولیس کارروائی سے متعلق لوک سبھا میں تحریک التوا (یعنی پارلیمنٹ کے معمول کے کام کو ملتوی کرنے) کا نوٹس دیا۔

CAA-NRC-NPR کے خلاف احتجاج کرنے کے اپنے اعلان کردہ منصوبے کے مطابق جامعہ کے سینکڑوں طلبا اور مقامی رہائشی پیر کے روز پارلیمنٹ کی طرف مارچ کرنا چاہتے تھے لیکن علاقے میں بڑی تعداد میں تعینات پولیس اہلکاروں اور نیم فوجی دستوں نے انھیں یونی ورسٹی سے آگے مارچ کرنے سے روک دیا۔

مظاہرین میں سے کچھ پولیس کی پابندیوں کو پامال کرتے ہوئے پولیس کی رکاوٹوں پر کود پڑے۔ پولیس اہلکاروں نے انھیں پیچھے دھکیل دیا جس میں کچھ زخمی ہوئے اور اسپتال بھیجے گئے۔ بعد ازاں متعدد زخمی خواتین طلبہ نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ وہ پولیس کے ذریعہ نجی حصوں میں نشانہ بنائی گئی ہیں۔ کچھ غیر مصدقہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے مظاہرین پر کچھ کیمیائی اسپرے کا استعمال کیا تھا جس کے نتیجے میں ان میں سے بیشتر بے ہوش ہوگئے تھے یا آدھے ہوش میں تھے۔ رات گئے تک ان کا الشفا اسپتال میں علاج جاری تھا۔