تاج محل اور لال قلعہ سمیت ملک کے تمام تاریخی مقامات اور آثارِِ قدیمہ کی عمارتوں کو 6 جولائی سے کھولنے کی اجازت
نئی دہلی، جولائی 2: مرکزی وزارت ثقافت و سیاحت کے مطابق کورونا وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے ملک میں بند تمام تاریخی سیاحتی مقامات 6 جولائی سے کھول دیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق حفاظتی انتظامات کے ساتھ ایسے تاریخی مقامات کھولے جائیں گے۔ اس فہرست میں وہ یادگاریں اور عمارتیں بھی شامل ہیں جو محکمۂ آثار قدیمہ اور وزارت ثقافت کے تحت آتے ہیں۔ لہذا 6 جولائی سے لال قلعہ، تاج محل سمیت تمام یادگار تاریخی مقامات سیاحوں کے لیے کھول دیے جائیں گے۔
مرکزی وزارت ثقافت اور سیاحت کے وزیر پرہلاد پٹیل نے ٹویٹ کرکے اس کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ 17 مارچ کو ہندوستان کے آثار قدیمہ کے سروے یعنی ASI نے 3400 سے زیادہ یادگاریں بند کر دی تھیں۔ لیکن بعد میں 820 مذہبی مقامات اور مزارات کو اے ایس آئی کے تحت کھول دیا گیا۔ اب 6 جولائی سے باقی تارخی مقامات بھی کھول دیے جائیں گے۔
تاہم ریاستی حکومتیں اپنے کورونا وائرس کے معاملات کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کر سکتی ہیں کہ ان کی حدود میں واقع یادگار کو کھولنا ہے یا نہیں۔