’’تاج محل اور قطب مینار کو گرا کر ان کی جگہ مندر بنائے جائیں‘‘، بی جے پی ایم ایل اے کا مطالبہ

نئی دہلی، اپریل 6: بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے روپ جیوتی کرمی نے بدھ کے روز مطالبہ کیا کہ تاج محل اور قطب مینار کو منہدم کیا جائے اور ان دونوں جگہوں پر مندر بنائے جائیں۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب کرمی کی جانب سے منگل کو ایک پریس بریفنگ میں یہ بیان دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی۔ ویڈیو میں کرمی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے تاج محل اور قطب مینار کے مقامات پر مندر بنانے کی درخواست کی اور اس منصوبے کے لیے اپنی ایک سال کی تنخواہ عطیہ کرنے کی پیشکش کی۔

بیان پر تنازعہ پیدا ہونے کے بعد آسام کے ماریانی حلقے کے ایم ایل اے کرمی نے بدھ کے روز نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اپنے مطالبات کو پھر دہرایا۔ کرمی نے کہا کہ تاج محل کو محبت کی علامت نہیں قرار دینا چاہیے۔

بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ’’شاہ جہاں نے اپنی چوتھی بیوی ممتاز کی یاد میں تاج محل بنوایا تھا۔ اگر وہ ممتاز سے محبت کرتا تھا تو ممتاز کی موت کے بعد اس نے مزید تین شادیاں کیوں کیں۔‘‘

دریں اثنا کرمی کے بیان کے خلاف گوہاٹی کے لتاسیل پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ ابتدائی معلومات کی رپورٹ ابھی تک درج نہیں کی گئی ہے۔

کرمی کے تبصرے نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ کی 12ویں جماعت کی تاریخ کی نصابی کتاب سے مغل تاریخ کے ایک باب کو حذف کرنے کے تنازعہ کے پس منظر میں آئے ہیں۔

نصاب میں تبدیلی کو NCERT نے گزشتہ سال جون میں مطلع کیا تھا۔