بی جے پی کو مغربی بنگال کو گجرات میں بدلنے کی اجازت نہیں دے سکتے: ممتا بنرجی
کلکتہ، دسمبر 24: بدھ کو مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ اپنی ریاست بنگال کو گجرات میں تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیں گی۔
ممت بنرجی نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ’’بنگال عظمت اور قابلیت کے ساتھ فروغ پذیر ہے۔ ہم اسے گجرات میں تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے زور دے کر کہا کہ ریاست کے لوگوں کو بھگوا پارٹی کے گجرات ماڈل کو یہاں روکنا ہوگا۔ انھوں نے کہا ’’بنگال کی سرزمین زندگی کا ذریعہ ہے۔ ہمیں اس مٹی کی حفاظت کرنی ہوگی۔ ہمیں اس پر فخر کرنا ہوگا۔ کوئی نہیں جو باہر سے آکر یہ کہے کہ اس جگہ کو گجرات میں تبدیل کردیا جائے گا۔‘‘
بنرجی مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے اس وعدے کا ذکر کررہی تھیں، کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آئی تو ایسی پالیسیاں نافذ کرے گی جو ترقی کو سہولت فراہم کریں گی۔
ریاست کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران شاہ نے بنرجی کو، بی جے پی کو ’’باہری لوگوں کی جماعت‘‘ کہنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ مغربی بنگال کا اگلا وزیر اعلی ’’مٹی کا بیٹا‘‘ ہوگا۔ امت شاہ نے دعوی کیا کہ لوگ ’’بدعنوانی، سیاسی تشدد، بھتہ خوری اور بنگلہ دیشی دراندازی‘‘ سے نجات پانے کے لیے تبدیلی کے خواہاں ہیں۔
تاہم ترنمول کانگریس کی سربراہ نے بدھ کے روز تمام تنقیدوں کو رد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بی جے پی کو مذہب کی بنیاد پر مغربی بنگال میں تقسیم نہیں کرنے دیں گی۔ انھوں نے کہا ’’ہمارا پیغام یہ ہے کہ ہم سب کے لیے ہیں۔ انسانیت سب کے لیے ہے خواہ وہ سکھ، جین، مسلمان یا عیسائی ہوں۔ ہم ان میں کسی قسم کی تفریق کی اجازت نہیں دیتے ہیں۔‘‘
اس سے قبل پیر کے دن بنرجی نے امت شاہ کو ’’فریبی‘‘ کہا تھا اور کہا تھا کہ وہ سیاسی فوائد کی خاطر کچھ بھی کرسکتے ہیں۔